شائع 02 مارچ 2026 02:32pm

سابق چیف جسٹس کیخلاف فتویٰ کیس: دو کالعدم ٹی ایل پی رہنماؤں کو 32 اور 36 سال قید کی سزا

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف فتویٰ جاری کرنے کے 2 مقدمات کا فیصلہ کرتے ہوئے 2 ملزمان کو 32 اور 36 سال قید کے ساتھ جرمانوں کی سزا سنا دی ہے۔

پیر کے روز لاہور میں انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف فتویٰ جاری کرنے سے متعلق دو مقدمات کا فیصلہ سنا دیا۔

عدالت نے کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے رہنما مولانا طاہر سیفی کو 32 سال قید اور 7 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔

انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج شاہد سکندر نے دونوں مقدمات کا ٹرائل مکمل ہونے پر فیصلہ سنایا جب کہ دوسرے مقدمے میں ملزم ریاض کو 36 سال قید اور ساڑھے 6 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔

عدالتی فیصلے کے مطابق مولانا طاہر سیفی نے سابق چیف جسٹس کے خلاف فتویٰ جاری کیا تھا، جس پر ملزم کے خلاف تھانہ اے ڈویژن شیخوپورہ میں مقدمہ درج کیا گیا جب کہ ملزم ریاض کے خلاف تھانہ چھانگا مانگا قصور میں مقدمہ درج تھا۔

پراسکیوشن نے دونوں مقدمات کے الگ الگ چالان عدالت میں جمع کرا رکھے تھے۔

Read Comments