شائع 01 مارچ 2026 04:44pm

خطے کی موجودہ صورت حال: وزیراعظم کی زیرصدارت اہم اجلاس جاری

خطے کی موجودہ صورت حال کے پیش نظر وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت اہم اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں جاری ہے، جس میں عسکری قیادت بھی شریک ہے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں افغانستان اور ایران سمیت خطے کی مجموعی سیکیورٹی صورت حال کا تفصیلی جائزہ لیا جارہا ہے جب کہ اجلاس میں خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی سے متعلق امور پر بھی مشاورت کی جارہی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ علاقائی حالات کے تناظر میں مختلف آپشنز اور حکمت عملی پر غور کیا جارہا ہے۔

دوسری جانب ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی امریکی اور اسرائیلی حملے میں شہادت کے بعد پاکستان کی سفارتی سرگرمیوں میں اہم تبدیلی سامنے آئی ہے اور وزیراعظم شہباز شریف نے اپنا دو روزہ دورہ روس مؤخر کر دیا ہے۔

ذرائع وزیراعظم ہاؤس کے مطابق شہباز شریف کو پیر (2 مارچ) سے روس کے دو روزہ سرکاری دورے پر ماسکو روانہ ہونا تھا تاہم موجودہ کشیدہ حالات اور سیکیورٹی چیلنجز کے باعث اس دورے کو فی الحال ملتوی کر دیا گیا ہے جب کہ پاکستان کی جانب سے روسی حکام کو اس فیصلے سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ایران کے میڈیا نے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کی تصدیق کردی جب کہ سپریم لیڈر کی شہادت پر ایرانی حکومت  نے 40 روز کے سوگ کا اعلان کیا ہے۔

Read Comments