دبئی ایئرپورٹ پر ایران کے میزائل حملے میں 16 افراد زخمی
دبئی میں واقع دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر میزائل حملے کے نتیجے میں 16 افراد زخمی ہوگئے۔
دبئی میڈیا آفس نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ایئرپورٹ کے ٹرمینل تھری کے مختلف حصوں میں دھواں بھر گیا تھا، جس کے باعث مسافروں اور عملے میں کچھ دیر کے لیے خوف و ہراس پھیل گیا۔ حکام کے مطابق امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور صورتحال کو قابو میں کر لیا گیا۔
میڈیا آفس کا کہنا ہے کہ حملے کے بعد حفاظتی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں جبکہ زخمی ہونے والے چار افراد کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ حکام کے مطابق ایئرپورٹ پر آگ لگنے کے کسی بڑے واقعے کی اطلاع نہیں ملی تاہم دھویں کے باعث کچھ حصوں کو عارضی طور پر خالی کرایا گیا۔
اسی دوران ڈرون کو تباہ کرنے کی کارروائی کے وقت برج العرب کے بیرونی حصے میں آگ لگ گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ فائر بریگیڈ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا اور اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ہوٹل کی عمارت کو معمولی نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔
اماراتی وزارت دفاع نے میزائل حملے کے بعد نیا الرٹ جاری کرتے ہوئے رہائشیوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات یا شیلٹرز میں منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے۔
وزارت دفاع کے مطابق ایران کی جانب سے داغے گئے ایک سو بتیس میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا جبکہ ایک سو پچانوے ڈرونز کو بھی مار گرایا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ دفاعی نظام پوری طرح متحرک ہے اور صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔
دوسری جانب قطر کے دارالحکومت دوحا میں بھی ایک بار پھر درجنوں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق شہر میں تقریباً پندرہ سے بیس الگ الگ دھماکے ہوئے۔
اطلاعات کے مطابق ایران نے قطر میں واقع العدید ایئربیس پر مزید دو میزائل داغے ہیں۔ قطری حکام کے مطابق ایران کی جانب سے پینسٹھ میزائلوں اور بارہ ڈرونز کے ذریعے حملہ کیا گیا۔
تاحال مختلف ممالک کی جانب سے اس صورتحال پر ردعمل سامنے آ رہا ہے جبکہ خطے میں سکیورٹی خدشات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ عوام کو سرکاری ہدایات پر عمل کرنا چاہیے اور غیر مصدقہ خبروں سے گریز کرنا چاہیے۔