شائع 28 فروری 2026 10:39am

امریکا کا افغان طالبان رجیم کے خلاف پاکستان کی حمایت کا اعلان

امریکی محکمہ خارجہ نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کو افغان طالبان کی بلااشتعال کارروائیوں کے خلاف دفاع کا حق حاصل ہے۔

امریکی سیاسی امور کی سیکرٹری ایلیسن ہوکر نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ امریکا پاکستان کی مکمل حمایت کرتا ہے اور صورت حال کو قریب سے مانیٹر کر رہا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ میں سیاسی امور کی سیکرٹری ایلیسن ہوکر نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں بتایا کہ انہوں نے پاکستانی سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ سے ٹیلیفونک گفتگو کی جس میں حالیہ کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایلیسن ہوکر نے کہا کہ پاکستان افغان طالبان کے حملوں کے خلاف اپنے دفاع کا حق رکھتا ہے اور امریکا اس سلسلے میں پاکستان کے موقف کی حمایت کرتا ہے۔

قبل ازیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی پاک افغان سرحدی کشیدگی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ اچھا کام کر رہا ہے اور امریکا اس میں مداخلت نہیں کرے گا۔

صدر ٹرمپ نے پاکستان کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے پاس عظیم وزیراعظم اور جنرل ہیں، جن کی میں واقعی بہت عزت کرتا ہوں۔

Read Comments