شائع 27 فروری 2026 10:25am

بھارت کے خلاف پاک فوج کے آپریشن ’سوئفٹ ریٹارٹ‘ کو سات برس مکمل

پاکستان کی جانب سے بھارت کی اشتعال انگیزی کے جواب میں کیے گئے تاریخی عسکری اقدام آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کو آج سات برس مکمل ہوگئے۔ اس موقع پر افواجِ پاکستان کی اعلیٰ قیادت نے افسروں اور جوانوں کی جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے شہداء کو سلام عقیدت پیش کیا ہے، جبکہ اس عزم کا اعادہ کیا گیا ہے کہ پاکستان کی خودمختاری کا ہر قیمت پر دفاع کیا جائے گا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے سات سال مکمل ہونے پر مسلح افواج کی قیادت نے خصوصی پیغام جاری کیا۔ بیان میں کہا گیا کہ 27 فروری 2019 کو بھارت کی بلااشتعال جارحیت کے جواب میں شروع کیا گیا یہ آپریشن پاکستان کے دفاعی عزم، عسکری تیاری اور مؤثر حکمت عملی کا عملی اظہار تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر چیف آف آرمی اسٹاف سید عاصم منیر، چیف آف دی نیول اسٹاف نوید اشرف اور چیف آف دی ایئر اسٹاف ظہیر احمد بابر سدھو نے افسران اور جوانوں کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے ان کے عزم، حوصلے اور پیشہ ورانہ مہارت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

عسکری قیادت نے کہا کہ آپریشن کے دوران مسلح افواج نے اپنی آپریشنل تیاری اور صلاحیت کا بھرپور مظاہرہ کیا تھا، دشمن کی مزید جارحیت کو مؤثر انداز میں روکا تھا اور خطے میں اسٹریٹجک توازن بحال کیا تھا۔

بیان میں کہا گیا کہ یہ کارروائی نہ صرف پاکستان کی دفاعی حکمت عملی کی کامیابی تھی بلکہ اس نے واضح پیغام دیا کہ ملکی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

مسلح افواج ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار اور ہمہ وقت چوکس ہیں۔

سروس چیفس نے اپنے پیغام میں قومی سلامتی اور علاقائی امن کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ملک کے دفاع کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ عالمی امن و استحکام کے لیے بھی فعال کردار ادا کرتی رہیں گی۔

واضح رہے کہ 27 فروری 2019ء کو پاک فوج نے بالاکوٹ پر کی گئی بھارتی مہم جوئی کا بھرپور جواب دیتے ہوئے دشمن کے غرور کو خاک میں ملادیا تھا اور واضح کیا تھا کہ ملکی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

۔

آپریشن کے دوران پاک فضائیہ نے غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو بھارتی جنگی طیارے مار گرائے تھے، جبکہ ایک بھارتی پائلٹ ابھی نندن ورتھمان کو گرفتار کرلیا تھا۔ بعد ازاں پاکستان نے جذبۂ خیرسگالی کے تحت بھارتی پائلٹ کو رہا کرکے دنیا کو یہ پیغام دیا تھا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے اور خطے میں کشیدگی نہیں چاہتا۔

اسی موقع پر زیر حراست پائلٹ کی جانب سے ادا کیے گئے جملے ٹی از فنٹاسٹک بھی عالمی میڈیا کی توجہ کا مرکز بنے تھے۔

Read Comments