امریکا: مصروف شاہراہ پر سڑک دھنسنے سے 2 گاڑیاں گڑھے میں جاگریں، ویڈیو وائرل
امریکا کے شہر اوماہا میں ایک مصروف چوراہے پر اُس وقت خوفناک منظر دیکھنے میں آیا جب سڑک کا ایک حصہ اچانک دھنس گیا اور وہاں کھڑی دو گاڑیاں چند فٹ نیچے جا گریں۔ خوش قسمتی سے واقعے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم پانی کی مرکزی لائن ٹوٹنے کی بھی اطلاع ملی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ منگل کو یونیورسٹی آف نیبراسکا اوماہا کے قریب پیسفک اسٹریٹ کے سنگم پر پیش آیا۔ یونیورسٹی کے سیکیورٹی کیمروں میں محفوظ ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دو گاڑیاں سرخ اشارے پر ساتھ ساتھ رکی ہوئی تھیں۔ ایک پک اپ ٹرک ان کے پیچھے آ کر رکا، اور چند ہی لمحوں بعد سڑک کا حصہ اچانک دھنس گیا اور دونوں گاڑیاں گڑھے میں جا گریں۔
سڑک دھنسنے کے ساتھ ہی گرد و غبار کا بادل سا اٹھا اور اردگرد موجود افراد سہم کر رہ گئے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور ایمرجنسی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ حکام کے مطابق امدادی کارروائی شروع ہونے سے پہلے ہی گاڑیوں میں سوار افراد خود باہر نکلنے میں کامیاب ہو چکے تھے۔
یونیورسٹی پبلک سیفٹی کے ایک عہدیدار نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ یہ واقعہ سب کے لیے غیر متوقع تھا اور ابتدائی طور پر سڑک بیٹھنے کی حتمی وجہ کا تعین نہیں ہو سکا۔ البتہ اطلاع ہے کہ سڑک کے نیچے موجود پانی کی مین لائن ٹوٹ گئی، جس سے زمین کھوکھلی ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
چند گھنٹوں بعد ایک بھاری ڈیوٹی ٹرک اور کرین کی مدد سے گڑھے میں گری گاڑیوں کو نکال لیا گیا، جبکہ عملہ ٹوٹے ہوئے کنکریٹ اور ملبہ ہٹانے میں مصروف رہا۔ ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ گڑھا مزید پھیل بھی سکتا ہے، اسی لیے علاقے کو عارضی طور پر سیل کر دیا گیا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق مذکورہ سڑک کئی روز تک ٹریفک کے لیے بند رہے گی اور شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ متبادل راستے اختیار کریں۔ حکام کا کہنا ہے کہ مکمل تکنیکی جانچ کے بعد ہی سڑک کی بحالی کا عمل شروع کیا جائے گا۔