شائع 27 فروری 2026 07:57am

ہماری افواج افغان طالبان کو فیصلہ کن جواب دے رہی ہیں: وزیرِ دفاع

وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا کہ ہماری بہادر افواج اس وقت بھارت کی پراکسی طالبان و افغان جارحیت کا منہ توڑ جواب دے رہی ہیں، انشا ء اللہ شکست دشمن کا مقدر ہے۔

سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ نیٹو کی افواج کے انخلاء کے بعد یہ توقع کی جاتی تھی کہ افغانستان میں امن ہوگا اور طالبان افغان عوام کے مفادات اور علاقے میں امن پر توجہ مرکوز کریں گے، مگر طالبان نے افغانستان کو ہندوستان کی کالونی بنا دیا ہے اور ساری دنیا کے دہشت گردوں کو وہاں جمع کر لیا گیا ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ افغان عوام کو بنیادی انسانی حقوق سے محروم کر دیا گیا ہے جبکہ خواتین کو وہ حقوق بھی نہیں دیے جا رہے جو اسلام نے انہیں عطا کیے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان نے خطے میں حالات معمول پر رکھنے کے لیے بھرپور سفارتکاری کی اور ہر ممکن کوشش کی کہ تعلقات بہتر رہیں، مگر طالبان ہندوستان کی پراکسی بن گئے۔

وزیردفاع نے کہا کہ اس وقت پاکستانی افواج فیصلہ کن جواب دے رہی ہیں۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پاکستان نے پچاس لاکھ افغان مہاجرین کی پچاس سال تک مہمان نوازی کی، تاہم اب صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب یہ کھلی جنگ ہے، ہم تمہارے ہمسائے ہیں اور تمہاری اوقات جانتے ہیں۔

Read Comments