کیوبا میں فلوریڈا سے آنے والی اسپیڈ بوٹ پر فائرنگ، 4 افراد ہلاک
کیوبا کی فوج نے امریکا میں رجسٹر کشتی پر فائرنگ کرکے 4 افراد کو ہلاک اور 6 کو زخمی کردیا۔
خبررساں ادارے رائٹرز کے مطابق کیوبا حکومت نے اس حوالے سے بتایا کہ ان کے پانیوں میں داخل ہونے والی ایک کشتی پر سیکیورٹی فورسز نے فائرنگ کی جس میں 4 افراد ہلاک ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق کیوبا کی حکومت کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے اس کشتی پر اس وقت کارروائی کی جب وہ ملک کے پانیوں میں داخل ہوئی۔ کیوبا کی وزارت داخلہ کے مطابق زخمی افراد کو کشتی سے نکال کر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے اور واقعے کی باقاعدہ تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
وزارت داخلہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اسپیڈ بوٹ پر سوار افراد نے سرحدی حدود میں داخل ہونے کے بعد کوبائی گشت کرنے والی کشتی پر فائرنگ کی، جس سے کوبائی دستے کا کمانڈر بھی زخمی ہوا۔ حکام کے مطابق جوابی کارروائی میں چار افراد ہلاک اور چھ زخمی ہوئے۔
کیوبائی حکام کا دعویٰ ہے کہ کشتی میں سوار افراد فوجی طرز کے لباس میں ملبوس تھے اور ان کے پاس اسلحہ اور دیگر ساز و سامان موجود تھا۔ ابتدائی بیانات کے مطابق ان کا مقصد مبینہ طور پر ملک میں داخل ہو کر تخریبی سرگرمی انجام دینا تھا۔ حکام نے بتایا کہ ایک اور مشتبہ شخص کو کوبا کے اندر سے حراست میں لیا گیا ہے، جس کے بارے میں کہا گیا ہے کہ اس کا تعلق اس واقعے سے ہے۔
امریکا کے وزیر خارجہ مارکو روبیو نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ کسی امریکی سرکاری کارروائی کا حصہ نہیں تھا اور نہ ہی اس میں امریکی حکومت کا کوئی اہلکار شامل تھا۔
ان کے مطابق کیوبا نے امریکا کو اس واقعے سے آگاہ کر دیا ہے، تاہم ہوانا میں امریکی سفارتخانہ آزادانہ طور پر معاملے کی تصدیق کرے گا تاکہ اصل صورتحال واضح ہو سکے۔
فلوریڈا کے بعض مقامی حکام نے بھی اس واقعے کی الگ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ یہ جاننا ضروری ہے کہ آیا متاثرین میں کوئی امریکی شہری یا قانونی رہائشی شامل تھا یا نہیں۔