شائع 25 فروری 2026 02:08pm

پیراماؤنٹ میں واپسی, وارنر برادرز کی نیٹ فلکس ڈیل خطرے میں پڑ گئی

دنیا کے معروف فلم اور ٹی وی اسٹوڈیو وارنر برادرز کی خریداری کی جنگ شدت اختیار کر گئی ہے۔ بیٹ مین، ہیری پوٹر اور گیم آف تھرونز جیسی مشہور فلمیں اور سیریز بنانے والے اس اسٹوڈیو کے لیے نیٹ فلکس اور پیراماؤنٹ دو بڑی کمپنیاں ایک دوسرے سے آگے نکلنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ اب وارنر کے بورڈ نے اشارہ دیا ہے کہ نیٹ فلکس شاید اپنی برتری کھو دے۔

حالیہ دنوں میں پیرا ماؤنٹ نے اپنی پیشکش بہتر بناتے ہوئے فی شیئر 31 ڈالر نقد دینے کی پیشکش کی ہے اور ساتھ ہی یہ یقین دہانی بھی کرائی ہے کہ اگر حکومتی منظوری میں تاخیر ہوئی تو شیئر ہولڈرز کو اضافی رقم دی جائے گی۔

اس نئی پیشکش کے بعد وارنر برادرز کے بورڈ نے کہا ہے کہ وہ اس پر مزید غور کرے گا اور ابھی یہ فیصلہ نہیں ہوا کہ کون سی پیشکش بہتر ہے۔

دوسری جانب نیٹ فلکس نے وارنر برادرز کے فلم اور ٹی وی اسٹوڈیوز اور اس کی اسٹریمنگ سروس خریدنے کے لیے بڑی پیشکش کر رکھی ہے۔ تاہم وارنر برادرز اپنی ٹی وی ڈویژن کو الگ کمپنی بنانے کا منصوبہ بھی رکھتا ہے، جس کی وجہ سے دونوں پیشکشوں کا موازنہ آسان نہیں رہا۔

ماہرین کے مطابق حتمی فائدہ اس بات پر بھی منحصر ہوگا کہ مستقبل میں اس نئی کمپنی کی قیمت کیا بنتی ہے۔

یہ معاملہ اس لیے اہم ہے کیونکہ وارنر برادرز کے پاس مشہور فلموں، ڈراموں اور بڑی تفریحی فرنچائزز کا وسیع ذخیرہ موجود ہے۔ جو کمپنی اسے خریدے گی، اسے عالمی تفریحی صنعت میں بڑی طاقت اور برتری حاصل ہو جائے گی۔

وارنر برادرز نے کہا ہے کہ اس کا بورڈ کمپنی اور شیئر ہولڈرز کے مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے فیصلہ کرے گا، جبکہ اس معاہدے پر شیئر ہولڈرز کی رائے بھی لی جائے گی۔ ابھی حتمی فیصلہ باقی ہے اور دونوں کمپنیوں کے درمیان مقابلہ جاری ہے۔

یہ ڈیل ہالی ووڈ کی طاقت کی ساخت بدل دے گی، کیونکہ جیتنے والی کمپنی کو ڈی سی کامکس اور گیم آف تھرونز جیسی مشہور پراپرٹی مل جائے گی۔ نیٹ فلکس کے پاس بہت نقد ہے اور وہ بولی بڑھا سکتی ہے، جبکہ پیراماؤنٹ کا دعویٰ ہے کہ اسے امریکی ریگولیٹرز سے منظوری ملنے کا راستہ آسان ہے۔

اگر وارنر نے نئی بولی مسترد کی تو پیراماؤنٹ اس سال کے سالانہ اجلاس میں بورڈ چیلنج کر سکتی ہے اور ایک بڑے شیئر ہولڈر کو ڈائریکٹر بنا سکتی ہے۔ الگ سے ایک سرگرم سرمایہ کار نے بھی وارنر پر دباؤ بڑھایا ہے کہ اس نے پیراماؤنٹ سے اچھی طرح بات نہیں کی۔ وارنر کا کہنا ہے کہ اس کا بورڈ ہمیشہ کمپنی اور شیئر ہولڈرز کے بہترین مفاد میں کام کرتا ہے اور مارچ 20 کو شیئر ہولڈرز ووٹ کریں گے۔

Read Comments