ٹرمپ کے گھر میں گھسنے کی کوشش کرنے والا مسلح شخص ہلاک
امریکی ریاست فلوریڈا میں واقع صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی نجی رہائش گاہ مار اے لاگو میں گھسنے والے ایک مسلح شخص کو خفیہ سروس اور مقامی پولیس نے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا ہے۔
امریکی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مطابق یہ واقعہ اتوار کی علی الصبح پیش آیا جب ایک نوجوان نے ریزورٹ کی حفاظتی حدود کو توڑنے کی کوشش کی۔ واقعے کے وقت صدر ٹرمپ واشنگٹن میں موجود تھے اور وہ اس وقت جائے وقوعہ پر نہیں تھے۔
ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت ریاست نارتھ کیرولائنا سے تعلق رکھنے والے 21 سالہ آسٹن ٹکر مارٹن کے نام سے ہوئی ہے جو گزشتہ چند دنوں سے لاپتہ بتایا جا رہا تھا۔
سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ یہ شخص رات کے تقریباً ڈیڑھ بجے ریزورٹ کے شمالی گیٹ کے پاس دیکھا گیا تھا جس کے پاس ایک شاٹ گن اور ایندھن سے بھرا کین موجود تھا۔
جب ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں نے اسے رکنے اور اسلحہ پھینکنے کا حکم دیا تو اس نے ایندھن کا کین زمین پر رکھ کر اپنی بندوق اہلکاروں کی طرف تان لی جس پر سیکیورٹی فورسز نے جوابی فائرنگ کر دی۔
اس کے نتیجے میں مسلح شخص موقع پر ہی دم توڑ گیا تاہم کسی بھی سیکیورٹی اہلکار کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیوٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ خفیہ سروس نے صدر ٹرمپ کی رہائش گاہ میں داخل ہونے والے ایک خطرناک مسلح شخص کو ختم کر کے اپنی پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ابھی تک اس حملے کے محرکات سامنے نہیں آ سکے ہیں اور ایف بی آئی نے معاملے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
امریکا میں یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب ملک میں سیاسی تشدد کے واقعات میں تیزی سے اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
اس سے قبل 2024 میں بھی ڈونلڈ ٹرمپ پر قاتلانہ حملے کی کوششیں ہو چکی ہیں جن میں پنسلوانیا کی ایک ریلی کے دوران وہ بال بال بچے تھے۔
حالیہ چند سالوں میں کئی دیگر سیاسی شخصیات کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے جس کے بعد اہم رہنماؤں کی سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔