شائع 22 فروری 2026 08:33am

بنوں میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملہ، 5 دہشتگرد ہلاک، لیفٹیننٹ کرنل اور سپاہی شہید

خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں سیکیورٹی فورسز کے ایک قافلے پر حملے کی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا، تاہم فائرنگ کے تبادلے میں ایک لیفٹیننٹ کرنل اور ایک سپاہی شہید ہو گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق حملہ خوارج سے منسلک عناصر کی جانب سے کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق حملہ آوروں نے سیکیورٹی فورسز کے قافلے کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، جس پر فورسز نے فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کی۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران پانچ حملہ آور ہلاک ہو گئے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک خودکش بمبار بھی قافلے کے قریب پہنچنے کی کوشش کر رہا تھا، تاہم اگلے دستے نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسے ہدف تک پہنچنے سے روک دیا۔

فوجی ترجمان کے مطابق مقابلے کے دوران مانسہرہ کے رہائشی 43 سالہ لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز اور پشاور کے رہائشی 28 سالہ سپاہی کرامت شاہ نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں کلیئرنس آپریشن بھی شروع کر دیا ہے تاکہ ممکنہ طور پر موجود دیگر عناصر کو تلاش کیا جا سکے۔

واقعے کے بعد صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملے کی شدید مذمت کی۔

صدر مملکت نے لیفٹیننٹ کرنل اور سپاہی کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہدا کی عظیم قربانیاں قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں اور ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشنز بلا امتیاز جاری رہیں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بھی حملے کی مذمت کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کو سراہا اور پانچ حملہ آوروں کی ہلاکت پر فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیت کی تعریف کی۔

انہوں نے شہدا کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا اور یقین دلایا کہ دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

حکام کے مطابق سیکیورٹی فورسز علاقے میں صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

Read Comments