پاکستان اور امریکا میں روز ویلٹ ہوٹل سے متعلق مفاہمتی یاداشت پر دستخط
نیویارک کے روز ویلٹ ہوٹل کی نجکاری کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں پاکستان اورامریکا کے درمیان تعاون کے فریم ورک پر مبنی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیے گئے ہیں۔
روز ویلٹ ہوٹل کے آپریشن، دیکھ بھال، تجدید کے حوالے سے مفاہمتی یاد داشت پر جمعرات کو امریکا کی جانب سے جی ایس اے کے ایڈمنسٹریٹر ایڈورڈ سی فورسٹ اور پاکستان کی جانب سے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے دستخط کیے ہیں۔
اس موقع پر وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور امریکی خصوصی نمائندہ اسٹیو وٹکوف بھی موجود تھے۔ اس ایم او یو کی بدولت دو طرفہ تعاون کے تکنیکی، تجارتی اور اقتصادی پہلوؤں کے مشترکہ جائزے کے لیے ایک منظم اور وقت کے لحاظ سے پابند فریم ورک دستیاب ہوگا، جس سے شفاف، منظم اور باہمی مفاد پر مبنی ترقی کو یقینی بنایا جا سکے گا۔
روز ویلٹ ہوٹل مین ہیٹن کے مرکزی علاقے میں واقع ہے اور نیویارک کے زوننگ اور پییچدہ میونسپل قوانین کے پس منظر میں اس فریم ورک کے تحت ادارہ جاتی ہم آہنگی سے منصوبے پر عمل درآمد آسان ہو گا، قوانین کی وضاحت بہتر ہوگی اور لین دین کی قیمت میں زیادہ سے زیادہ اضافہ ممکن ہوگا، ایسے فریم ورک بین الاقوامی رئیل اسٹیٹ اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں میں رائج ہیں۔
منصوبے کا مقصد اس جائیداد سے زیادہ سے زیادہ مالی فائدہ حاصل کرنا ہے تاکہ حکومت کی نجکاری حکمت عملی کے ساتھ ساتھ پاکستان اور امریکہ کے اقتصادی تعلقات بھی مضبوط ہوں۔