اسٹیو اسمتھ کے بعد گلین میکسویل بھی پاکستان سپر لیگ کا حصہ بن گئے
آسٹریلیا کا ایک بڑا نام پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا حصہ بن گیا، حیدرآباد ہیوسٹن کنگز مین نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11ویں ایڈیشن کے لیے آسٹریلیا کے اسٹار آل راؤنڈر گلین میکسویل کو براہِ راست سائن کرلیا ہے.
آئی پی ایل کو بائے بائے کہنے والے بڑے آسٹریلوی اسٹار گلین میکسویل نے پی ایس ایل کھیلنے کا فیصلہ کرلیا، جس کے بعد وہ پاکستان سپر لیگ کا حصہ بن گئے۔
پی ایس ایل فرنچائز حیدر آباد کنگز مین نے جمعرات کو سوشل میڈیا کے ذریعے گلین میکسویل کی شمولیت کا اعلان کیا۔ پی ایس ایل 11 کا آغاز 26 مارچ سے ہوگا اور فائنل 3 مئی کو کھیلا جائے گا۔ میکسویل اس سیزن میں پہلی بار پی ایس ایل میں شرکت کریں گے۔
گلین میکسویل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کھیلنے اور حیدرآباد کی نمائندگی کرنے پر خوش ہوں، پاکستان سے ہمیشہ بہت پیار ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد ٹیم کی نمائندگی کرنا فخر کی بات ہے۔ واضح رہے کہ گلین میکسویل نے اس سے قبل بھارتی لیگ آئی پی ایل کھیلنے سے معذرت کی تھی۔
گلین میکسویل ٹی20 فارمیٹ کے خطرناک ترین بیٹرز میں شمار ہوتے ہیں۔ انہوں نے آسٹریلیا کے لیے 129 ٹی20 انٹرنیشنل میچز میں 2ہزار 897 رنز اسکور کیے، جس میں 5 سنچریاں اور 12 نصف سنچریاں شامل ہیں جب کہ ان کا اسٹرائیک ریٹ 158.42 رہا۔
انہوں نے آف اسپن کے ذریعے 49 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ مجموعی طور پر 502 میچز میں میکسویل نے 10,986 رنز اور 196 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
میکسویل دنیا کی بڑی ٹی20 لیگز، بشمول بگ بیش لیگ، انڈین پریمیئر لیگ، دی ہنڈرڈ اور وائٹیلٹی بلاسٹ میں کھیل چکے ہیں۔ ان کی شمولیت سے حیدرآباد ہیوسٹن کنگز مین کی بیٹنگ اور آل راؤنڈ صلاحیت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔
پی ایس ایل 11 میں 2 نئی ٹیمیں، سیالکوٹ اسٹالینز اور حیدرآباد ہیوسٹن کنگز مین شامل کی گئی ہیں۔ اس بار پہلی مرتبہ پلیئر آکشن کا انعقاد کیا گیا، جس نے گزشتہ 10 سیزنز سے جاری ڈرافٹ سسٹم کی جگہ لے لی۔
ہر ٹیم کو صرف 4 پرانے کھلاڑی برقرار رکھنے کی اجازت دی گئی، جس کے باعث نئی اسکواڈز کی تشکیل ایک بڑا چیلنج ثابت ہوئی۔
حیدرآباد ہیوسٹن کنگز مین کی اسکواڈ میں صائم ایوب، عاکف جاوید، معاذ صداقت، مارنس لبوشین، گلین میکسویل، عثمان خان، محمد علی، کوسل پریرا، محمد عرفان خان، حسن خان، شایان جہانگیر، اوٹنیل بارٹ مین، حماد اعظم، رائلی میریڈتھ، شرجیل خان، آصف محمود، حنین شاہ، رضوان محمود، سعد علی اور طیب عارف شامل ہیں۔
ماہرین کے مطابق گلین میکسویل کی شمولیت سے حیدرآباد ہیوسٹن کنگز مین کی ٹیم کو تجربہ، جارحانہ بیٹنگ اور آل راؤنڈ صلاحیت حاصل ہوگی، جو پی ایس ایل 11 میں ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔