شائع 19 فروری 2026 02:12pm

دنیا کے دو ملک جہاں پہلا روزہ 20 فروری کو ہوگا

دنیا کے بیشتر ممالک میں رمضان المبارک 18 اور 19 فروری سے شروع ہو چکا ہے، لیکن دو ممالک فجی اور نیوزی لینڈ میں رمضان کا آغاز 20 فروری سے ہوگا۔

دونوں ممالک میں رمضان کا چاند 18 فروری کی شام کو نظر نہیں آیا، جو کہ اسلامی مہینے شعبان کی 29 تاریخ تھی۔ اس صورتحال کے بعد نیوزی لینڈ کی مذہبی تنظیم ”فیڈریشن آف اسلامک ایسوسی ایشنز آف نیوزی لینڈ“ اور فجی کی تنظیم ”فجی مسلم لیگ“ نے اعلان کیا کہ 19 فروری کو شعبان کے 30 دن مکمل کیے جائیں گے اور 20 فروری بروز جمعہ رمضان المبارک کا پہلا دن ہوگا۔

دونوں تنظیموں نے اپنے بیانات میں وضاحت کی کہ فلکیاتی حساب کے مطابق بھی ان ممالک کے جغرافیائی محل وقوع کی وجہ سے اس تاریخ کو چاند نظر آنے کا امکان نہیں تھا، نہ آنکھ سے دیکھا جاسکتا تھا اور نہ ہی دوربین کی مدد سے۔ چونکہ ان ممالک میں رمضان کے آغاز کا فیصلہ مقامی چاند دیکھنے پر کیا جاتا ہے، اس لیے اسی اصول کے مطابق اعلان کیا گیا۔

دوسری جانب دنیا کے کئی ممالک میں رمضان کا آغاز پہلے ہی ہو چکا ہے۔ 18 فروری سے روزے رکھنے والے ممالک میں متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، کویت، بحرین، قطر، افغانستان، لبنان، فلسطین اور سوڈان شامل ہیں۔

اسی طرح 19 فروری سے رمضان شروع کرنے والے ممالک میں عمان، برونائی، بھارت، پاکستان اور مصر شامل ہیں۔

Read Comments