شائع 18 فروری 2026 10:00pm

ٹی 20 ورلڈ کپ: پاکستان کی جیت کے بعد سپر 8 مرحلے کی لائن اپ مکمل

آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں پاکستان کی نمیبیا کے خلاف جیت کے بعد میگا ایونٹ میں سپر 8 ٹیموں کی لائن اپ مکمل ہوگئی ہے۔

بدھ کے روز پاکستان نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے کے میچ میں نمیبیا کو 102 رنز سے شکست دے کر سپر 8 مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے، جس کے بعد میگا ایونٹ کے سپر ایٹ مرحلے میں جانے والی آخری ٹیم کا فیصلہ بھی ہوگیا ہے۔

بھارت اور سری لنکا میں کھیلے جارہے ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں 20 ٹیمیوں نے حصہ لیا، جہاں گروپ اسٹیج کے بعد آٹھ ٹیموں نے سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا جب کہ باقی 12 ٹیموں کا سفر اختتام پذیر ہوگیا۔

البتہ گروپ اسٹیج کا آخری میچ 20 فروری کو آسٹریلیا اور عمان کے درمیان کھیلا جائے گا، جس کے بعد 21 فروری سے سپر 8 مرحلے کا آغاز ہوگا۔

سپر 8 میں کونسی ٹیمیں ہیں؟

سپر 8 مرحلے کے گروپ ون میں بھارت، جنوبی افریقا، ویسٹ انڈیز اور زمبابوے شامل ہیں جب کہ گروپ ٹو میں پاکستان، سری لنکا، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔

سپر 8 مرحلے کے میچز کے شیڈول کے مطابق پاکستان نیوزی لینڈ کے خلاف میچ 21 فروری، انگلینڈ کے خلاف 24 فروری اور سری لنکا کے خلاف 28 فروری کو کھیلے گا۔

Read Comments