شائع 16 فروری 2026 10:26pm

ٹی 20 ورلڈ کپ: سری لنکا سے شکست کے بعد آسٹریلیا کی سپر 8 تک رسائی مشکل

آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کے 30 ویں میچ میں سری لنکا نے ریکارڈ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے آسٹریلیا کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے کر میگا ایونٹ کے سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا اور ساتھ ہی آسٹریلیا کی اگلے مرحلے تک رسائی مشکل بنادی ہے۔

پالی کیلے میں کھیلے گئے ٹی 20 ورلڈ کپ کے گروپ بی کے اہم میچ میں سری لنکا کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا کی ٹیم مقررہ اوورز میں 181 رنزبنا کر آؤٹ ہوگئی تاہم سری لنکا نے 182 رنز کا ہدف باآسانی 18 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

آسٹریلیا کی بیٹنگ

آسٹریلیا کی جانب سے ٹریوس ہیڈ اور مچل مارش نے اننگز کا جارحانہ آغاز کیا، کینگروز کا اسکور ایک موقع پر 104 رنز تک پہنچ چکا تھا لیکن اس کے بعد مسلسل وکٹیں گرتی رہیں جس سے ٹیم کا اسکور 181 تک محدود رہا۔

کینگروز کی جانب سے ٹریوس ہیڈ نے 56 اور مچل مارش نے 54 رنز بنا کر نصف سینچریاں اسکور کیں تاہم ٹیم کا جس طرح کا آغاز رہا اس لحاظ سے اس نے کم از کم 30 رنز کم اسکور کیے۔

اس کے علاوہ جوش انگلس 27، گلین میکسویل 22، ٹِم ڈیوڈ 6 ، مارکس اسٹوائنس 4، کوپر کونولی 3، کیمرون گرین 3، ایڈم زمپا ایک اور زیویئر بارٹلیٹ صفر کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔

سری لنکا کی جانب سے دوشان ہیمانتھا نے 3، دشمانتھا چمیرا نے 2 جب کہ دونِتھ ویلالگے، کمنڈو مینڈس اور مہیش تھیکشانا نے 1، 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس طرح آسٹریلیا کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 181 رنز بناکر ڈھیر ہوگئی اور سری لنکا کو جیت کے لیے 182 رنز کا ہدف دیا۔

سری لنکا کی بیٹنگ

آسٹریلیا کے 182 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا نے کھیل کے آغاز سے ہی پراعتماد بیٹنگ کی، اوپنر پاتھم نسانکا نے محض 52 گیندوں پر سنچری اسکور کی اور 100 رنز بناکر ناقابل شکست رہے جب کہ دوسرے نمایاں بیٹسمین کوسال میںڈس رہے جنہوں نے صرف 38 گیندوں پر 51 رنز بنائے۔

اس کے علاوہ کوسال پریرا ایک کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے جب کہ پون رتنایکے 28 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔

سری لنکا کے آؤٹ ہونے والے دونوں کھلاڑی آسٹریلیا کے مارکوس اسٹوئنس کا شکار ہوئے، جنہوں نے 46 رنز کے عوض 2 وکٹیں لیں۔

اس طرح سری لنکا نے 182 رنز کا ہدف 18 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان حاصل کرلیا اور آسٹریلیا کو 8 وکٹوں سے شکست دے دے۔

اس جیت کے ساتھ ہی سری لنکا نے گروپ بی سے ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے جب کہ اس شکست کے بعد آسٹریلیا کے لیے مقابلے سے باہر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے کیوں کہ اس کو گزشتہ میچ میں زمبابوے کے خلاف بھی ہار کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

میچ کا ٹاس

سری لنکا کے شہر پالی کیلے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹی 20 ورلڈ کپ کے گروپ بی کے اہم میچ کا ٹاس سری لنکا کے کپتان داسن شناکا نے جیت کر آسٹریلیا کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔

آسٹریلیا کا اسکواڈ

آسٹریلیا کی پلیئنگ الیون میں مچل مارش (کپتان)، ٹریوس ہیڈ، کیمرون گرین، ٹم ڈیوڈ، جوش انگلس (وکٹ کیپر)، مارکس اسٹوئنس، گلین میکسویل، کوپر کونولی، زیویئر بارٹلیٹ، نیتھن ایلس اور ایڈم زمپا شامل ہیں۔

سری لنکا کا اسکواڈ

سری لنکا کی پلیئنگ الیون میں داسن شناکا (کپتان)، کوسال مینڈس (وکٹ کیپر)، پاتھم نسانکا، کوسال پریرا، پون رتنایکے، کامینڈو مینڈس، دوشان ہیمانتھا، ڈنیتھ ویلالگے، دشمانتھا چمیرا، مہیش تھیکشانا اور ماتھیشا پاتھیرنا شامل ہیں۔

Read Comments