ایران سے معاہدہ: ’ٹرمپ خامنہ ای سے ملنے کو تیار‘
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے ساتھ معاہدہ کرنے کو ترجیح دیتے ہیں اور اگر ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای ملاقات کی خواہش ظاہر کریں تو ٹرمپ ان سے ملاقات کے لیے تیار ہوں گے۔
میونخ میں ہونے والی سکیورٹی کانفرنس کے موقع پر انٹرویو دیتے ہوئے مارکو روبیو نے کہا کہ صدر ٹرمپ کسی سے بھی ملاقات کے لیے آمادہ ہیں کیونکہ ان کے نزدیک عالمی مسائل کا حل بات چیت کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر آیت اللہ علی خامنہ ای کل ہی صدر ٹرمپ سے ملاقات کی درخواست کریں تو یہ ملاقات ہوسکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ اس لیے نہیں ہوگا کہ ٹرمپ ان سے متفق ہیں بلکہ اس لیے کہ وہ سمجھتے ہیں کہ مسائل اسی طرح حل کیے جاتے ہیں۔
مارکو روبیو نے مشرق وسطیٰ میں دوسرا طیارہ بردار بحری جہاز بھیجنے کے فیصلے کو احتیاطی اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس اقدام کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ ایران کوئی ایسا قدم نہ اٹھائے جس سے بڑا تنازع پیدا ہو۔