جماعت اسلامی کو سڑکیں بند کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، شرجیل میمن
سندھ کے سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ منعم ظفر کون ہوتے ہیں جو قانون کی خلاف ورزی کریں، جماعت اسلامی کو پہلے ہی آگاہ کر دیا گیا تھا کہ ریڈ زون میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔
شرجیل میمن کے مطابق جماعت اسلامی پاکستان کے کارکنوں نے مبینہ طور پر ریڈ زون میں داخل ہونے کی کوشش کی اور سندھ اسمبلی کے اندر گھسنے کی بھی کوشش کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ مشتعل کارکنان نے ریڈ زون کے علاقے میں پتھراؤ کیا، جبکہ پولیس اور انتظامیہ صورتحال کے دوران مسلسل رابطے میں تھیں۔
سینئر وزیر نے بتایا کہ جماعت اسلامی کو واضح طور پر کہا گیا تھا کہ وہ پرامن احتجاج کریں لیکن ریڈ زون میں داخل نہ ہوں۔ ان کے مطابق سڑکیں بند ہونے سے عام شہری شدید متاثر ہوتا ہے اور روزمرہ زندگی مفلوج ہو جاتی ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ کبھی شارع فیصل بلاک کر دی جاتی ہے اور کبھی اسمبلی میں داخل ہونے کی کوشش کی جاتی ہے، جس سے شہر میں افراتفری پھیلتی ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ حکومت مذاکرات کے لیے تیار ہے، تاہم جماعت اسلامی کو بھی اپنے طرزِ عمل پر نظرثانی کرنا ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں جماعت اسلامی انتشار کی سیاست کر رہی ہے اور کراچی کے آٹھ ٹاؤنز بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔