اپ ڈیٹ 14 فروری 2026 02:51pm

بنگلہ دیش انتخابات: بی این پی کا شہباز شریف اور آصف زرداری سے اظہارِ تشکر

بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی نے بنگلہ دیش کے عام انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دینے پر پاکستان کے صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف سے اظہارِ تشکر کیا ہے۔

بی این پی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ انتخابات کے کامیاب انعقاد اور جمہوری جذبے سے متعلق پاکستانی قیادت کے الفاظ قابلِ تحسین ہیں۔

پارٹی کے مطابق یہ مینڈیٹ بنگلہ دیش کے شہریوں کے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے اور جامع حکمرانی، سیاسی استحکام اور قومی ترقی کے لیے ان کے عزم کو مزید مضبوط بناتا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات میں موجودہ مثبت رجحان خوش آئند ہے اور بی این پی پاکستان کے ساتھ باہمی احترام، خود مختاری، برابری اور تعمیری مکالمے پر مبنی تعلقات کو آگے بڑھانے کے لیے تیار ہے۔

بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ دونوں ممالک مستقبل میں عملی تعاون کی نئی راہیں تلاش کریں گے، جبکہ جنوبی ایشیا میں علاقائی امن، استحکام اور مشترکہ ترقی کے لیے مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔

بی این پی کے مطابق خطے میں پائیدار امن اور خوشحالی کے لیے باہمی روابط اور تعاون کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے، اور اس سمت میں پاکستان کے ساتھ مثبت پیش رفت کو آگے بڑھایا جائے گا۔

Read Comments