عثمان طارق ہمارا ٹرمپ کارڈ ہے، پوری بھارتی ٹیم کے لیے پلان تیار ہے: سلمان آغا
قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا کا کہنا ہے کہ بھارت کے ساتھ میچ میں بارش کا ہم کچھ نہیں کرسکتے، لیکن اوور کم ہوئے تو اس کے لیے بھی پلان کیا ہوا ہے۔
سلمان آغا نے بھارت کے خلاف میچ سے قبل کولمبو میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے خلاف ہونے والا میچ ایک بڑے لیول کا مقابلہ ہوگا اور ٹیم اس کے لیے پوری طرح تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ پلیئنگ الیون کا فیصلہ کنڈیشنز کو دیکھ کر کیا جائے گا کیونکہ یہاں کی پچ اور موسم کو مدنظر رکھنا بہت ضروری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاک بھارت میچ میں اسپنرز کا کردار نہایت اہم ہوسکتا ہے، اس لیے ٹیم کمبی نیشن اسی حساب سے ترتیب دیا جائے گا۔
سلمان آغا نے کہا کہ کھیل ہمیشہ اسپورٹس مین اسپرٹ کے تحت ہونا چاہیے اور دونوں ٹیموں کو میدان میں مثبت انداز میں کھیل پیش کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کیا حکمت عملی اختیار کرتا ہے، یہ ان پر منحصر ہے، جبکہ پاکستان اپنی تیاری مکمل رکھے گا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ماضی میں کیا ہوا اس کی زیادہ اہمیت نہیں، ہر نیا میچ ایک نئی شروعات ہوتا ہے۔
بارش کے امکان سے متعلق سوال پر کپتان نے کہا کہ موسم پر کسی کا اختیار نہیں، تاہم اگر اوورز کم بھی ہوئے تو ٹیم نے اس صورتِحال کے لیے بھی منصوبہ بندی کر رکھی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ٹیم کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہے اور پچ کے بارے میں بھی اچھی معلومات حاصل کرلی گئی ہیں۔
بابر اعظم کے حوالے سے سلمان آغا نے امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ میچ میں بھی رنز کریں گے اور ٹیم کے لیے اہم کردار ادا کریں گے۔
عثمان طارق سے متعلق چلنے والی خبروں پر انہوں نے کہا کہ مختلف باتیں سامنے آرہی ہیں لیکن ٹیم اپنی توجہ صرف کھیل پر مرکوز رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ عثمان طارق ہمارے لیے ٹرمپ کارڈ ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ بھارتی میڈیا کی باتوں کو خاطر میں نہیں لایا جارہا اور کھلاڑی مکمل فوکس کے ساتھ بھارت کے خلاف میچ کے لیے تیار ہیں۔
سلمان علی آغا نے ابھیشیک شرما کی ریکوری سے متعلق نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں امید ہے ابھیشیک میچ کھیلیں گے کیونکہ ہم بہترین کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنا چاہتے ہیں۔