ٹی 20 ورلڈکپ: آئرلینڈ کا ایونٹ کا سب سے بڑا اسکور، عمان کو 96 رنز سے شکست
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے بائیسویں میچ میں آئرلینڈ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے عمان کے خلاف ایونٹ کا سب سے بڑا مجموعی اسکور بنا ڈالا۔ آئرلینڈ کے 235 رنز کے ہدف میں عمان کی پوری ٹیم 139 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
کولمبو کے سنہالیز اسپورٹس کلب میں کھیلے گئے میچ میں عمان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔ ابتدا میں یہ فیصلہ درست دکھائی دیا کیونکہ آئرلینڈ کی چوتھی وکٹ صرف 7.3 اوورز میں 64 رنز پر گر گئی تھی۔
اسی دوران ونایک شکلا کے پاس ایک سنہری موقع آیا جب انہوں نے 14 رنز پر موجود لوکران ٹکر کا اسٹمپ مس کردیا، جو بعد میں عمان کے لیے مہنگا ثابت ہوا۔
ابتدائی مشکلات کے بعد لوکران ٹکر نے گیراتھ ڈیلانی کے ساتھ مل کر جارحانہ بیٹنگ شروع کی اور دونوں نے پانچویں وکٹ کے لیے 101 رنز کی اہم شراکت قائم کرکے ٹیم کو سنبھالا دیا۔
ڈیلانی 56 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، تاہم ٹکر نے اپنی برق رفتار اننگز جاری رکھی۔
بعد ازاں انہوں نے جارج ڈاکریل کے ساتھ مل کر مزید 70 رنز جوڑ دیے۔
لوکران ٹکر نے صرف 51 گیندوں پر 94 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے، جبکہ جارج ڈاکریل نے محض 9 گیندوں پر 34 رنز بنا کر ٹیم کے اسکور کو مزید آگے بڑھایا۔
آئرلینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 235 رنز اسکور کیے۔
عمان کے شکیل احمد نے 3 جب کہ شاہ فیصل اور عامر کلیم نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
عمان کی ٹیم آئرلینڈ کی جانب سے دیے گئے 236 رنز کے مشکل ہدف کے تعاقب میں 139 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
عمانی اوپنر عامر کلیم 50 اور حماد مرزا 46 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ اس کے علاوہ سفیان محمود 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں سے کوئی بھی ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوسکا اور پوری ٹیم 18 اوور میں پویلین لوٹ گئی۔
آئرلینڈ کی جانب سے جوش لٹل نے 3 جب کہ میتھیو ہیمفری اور بیری مک کارتھی نے 2،2 آؤٹ کیے۔ جارج ڈوکریل ایک وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے۔
واضح رہے کہ آئرلینڈ کا آج دیا گیا 235 رنز کا ہدف ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کا سب سے بڑا جبکہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی تاریخ کا دوسرا بڑا مجموعی اسکور ہے۔ ٹورنامنٹ میں یہ پانچواں موقع ہے جب کسی ٹیم نے 200 سے زائد رنز بنائے ہیں۔ اس سے قبل 2007 کے افتتاحی ایڈیشن میں پانچ مرتبہ 200 سے زیادہ کا مجموعہ بنا تھا۔