اپ ڈیٹ 14 فروری 2026 11:32am

ایران سے ڈیل ناکام ہوئی تو دنیا کے سب سے بڑے جنگی بحری بیڑے کی ضرورت پڑے گی: ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا ایران کے ساتھ ایک معاہدہ کرنا چاہتا ہے اور انہیں امید ہے کہ مذاکرات مثبت اور نتیجہ خیز ہوں گے، تاہم اگر بات چیت ناکام ہو گئی تو ایران کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

صدر ٹرمپ نے امریکی فوجیوں سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ دنیا کا سب سے بڑا طیارہ بردار جہاز مشرق وسطیٰ کی جانب روانہ کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ایران کے ساتھ ڈیل نہ ہو سکی تو اس بحری طاقت کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکا کا ایک بحری بیڑہ پہلے ہی مشرق وسطیٰ میں موجود ہے اور خطے کی صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔

صدر ٹرمپ نے ایران کی جوہری تنصیبات پر ماضی میں کی گئی امریکی بمباری کا بھی حوالہ دیا اور کہا کہ امریکا اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔ بعد ازاں پینٹاگون نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ ایک بڑا بحری جہاز مشرق وسطیٰ روانہ کیا گیا ہے۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے ایران کی داخلی سیاست پر بھی تبصرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران میں اقتدار کی تبدیلی بہترین چیز ہو سکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایرانی قیادت گزشتہ 47 برس سے صرف باتیں ہی کرتی آ رہی ہے اور عملی پیش رفت نہیں ہوئی۔

عالمی امور پر بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ روس معاہدہ کرنا چاہتا ہے۔

انہوں نے یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی کا نام لیتے ہوئے کہا کہ انہیں متحرک ہونا پڑے گا اور اگر انہوں نے عملی اقدامات نہ کیے تو وہ ایک عظیم موقع کھو سکتے ہیں۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ یورپ کے ساتھ امریکا کے تعلقات بہترین ہیں اور یورپی رہنماؤں سے مسلسل مذاکرات جاری ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکا اور وینزویلا کے درمیان بھی اچھے تعلقات ہیں اور مختلف معاملات پر بات چیت ہو رہی ہے۔

Read Comments