اپ ڈیٹ 13 فروری 2026 02:26pm

امریکہ دوسرا بحری بیڑا ایران کی طرف بھیجنے کے لیے تیار

امریکہ نے ایران کے ساتھ بڑھتی کشیدگی کے پیش نظر مشرق وسطیٰ بھیجنے کے لیے دوسرا ائیرکرافٹ کیریئر روانہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

نیو یارک ٹائمز کے مطابق یو ایس ایس جیرالڈ فورڈ اور اس کے معاون جہاز کیریبین سے مشرق وسطیٰ کے لیے روانہ کیے جائیں گے، جبکہ یہ معلومات امریکی حکام نے فراہم کی ہیں۔

وائٹ ہاؤس اور پینٹاگون نے اس خبر پر فوری تبصرہ نہیں کیا۔

اس سے قبل صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ اگر ایران کے ساتھ کوئی معاہدہ نہ ہوا تو امریکہ دوسرا ائیرکرافٹ کیریئر مشرق وسطیٰ بھیج سکتا ہے۔ پہلا کیریئر یو ایس ایس ابراہم لنکن اور متعدد گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائرز جنوری میں مشرق وسطیٰ پہنچ چکے ہیں۔

صدر ٹرمپ نے جمعرات کو کہا کہ امریکہ کو ایران کے ساتھ معاہدہ کرنا ہوگا اور اس امکان کا اظہار کیا کہ اگلے مہینے تک کوئی سمجھوتہ ممکن ہے۔

انہوں نے کہا، ’ہمیں معاہدہ کرنا ہوگا، ورنہ یہ بہت مشکل صورتحال ہوگی، بہت مشکل۔‘

اس دوران اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ صدر ٹرمپ ایران کے ساتھ ایسا معاہدہ کرنے کے حالات پیدا کر رہے ہیں جس سے فوجی کارروائی کی ضرورت نہ پڑے۔

Read Comments