فالوورز نہ آنے پر یوٹیوبر نے اپنا لاکھوں کا اسٹوڈیو جلا دیا
بھارت کی ریاست جھارکھنڈ میں ایک 27 سالہ یوٹیوبر نے ذہنی دباؤ کے عالم میں اپنے گھر کے اسٹوڈیو کو آگ لگا دی۔ واقعہ ہفتہ کی شب پیش آیا، تاہم پولیس اور پڑوسیوں کی بروقت کارروائی کے باعث ان کے اہلِ خانہ کو محفوظ نکال لیا گیا۔
آگ نے چند ہی لمحوں میں پورے اسٹوڈیو کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، اور دس لاکھ روپے سے زائد مالیت کے قیمتی آلات جل کر راکھ ہو گئے۔
متاثرہ نوجوان، ودھایک پراجاپتی، اپنے گھر سے فلم ایڈیٹنگ اور ڈیجیٹل میڈیا پروڈکشن کا کام کرتے تھے۔ پڑوسیوں کے مطابق انہوں نے اپنی آبائی زمین فروخت کر کے جدید اسٹوڈیو تعمیر کیا تھا اور یوٹیوب پر شناخت بنانے کا عزم رکھتے تھے۔ تاہم کئی ماہ کی محنت کے باوجود وہ خاطر خواہ کامیابی حاصل نہ کر سکے، جس کے باعث وہ شدید ذہنی دباؤ اور مایوسی کا شکار ہو گئے۔
گاؤں کے سابق سربراہ پراکاش کمار ارُن نے بتایا کہ پراجاپتی گزشتہ چند دنوں سے انتہائی گوشہ نشین ہو گئے تھے۔ ہفتہ کی رات تقریباً دس بجے انہوں نے خود کو اسٹوڈیو میں بند کر کے آگ لگا دی۔
دھواں تیزی سے پورے مکان میں پھیل گیا، اور لوہے کے بند دروازے کے باعث اہلِ خانہ اندر پھنس گئے۔ ان کی چیخیں سن کر پڑوسیوں نے پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس اہلکاروں نے ایک دیوار توڑی اور گھر میں داخل ہو کر خاندان کو بحفاظت باہر نکالا۔
اسٹوڈیو میں موجود کمپیوٹرز، کیمرے، ساؤنڈ سسٹمز اور لائٹنگ کے قیمتی آلات مکمل طور پر جل کر خاکسترہو گئے۔
پراکاش کمار کے بقول، ”وہ بہت محنتی نوجوان تھا، لیکن کامیابی کے دباؤ نے اس کے حوصلے توڑ دیے۔“
بتایا گیا ہے کہ ودھایک پراجاپتی آگ لگانے کے بعد پیچھے کی دیوار سے چھلانگ لگا کر فرار ہو گئے تھے۔
اتوار کی صبح رشتہ داروں نے انہیں تلاش کر کے رانچی کے ایک اسپتال میں نفسیاتی علاج کے لیے داخل کرا دیا۔ اس کے ساتھ ہی خاندان کو شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے، انہوں نے مقامی انتظامیہ سے مدد کی اپیل بھی کی ہے۔