اپ ڈیٹ 12 فروری 2026 07:49pm

ٹی 20 ورلڈ کپ: پاکستان اور بھارت کے ہائی وولٹیج ٹاکرے میں بارش کا امکان

آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلے جانے والے ہائی وولٹیج ٹاکرے میں بارش کا امکان ہے۔

ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان گروپ اے کا اہم میچ 15 فروری (اتوار) کو سری لنکا کے شہر کولمبو میں شیڈول ہے لیکن کولمبو میں متوقع بارش نے ممکنہ طور پر میچ پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔

محکمہ موسمیات کی رپورٹس کے مطابق 15 فروری کو کولمبو میں دوپہر اور شام کے اوقات میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جہاں بارش کے امکانات 55 سے 60 فیصد تک پہنچ سکتے ہیں۔ درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 31 ڈگری سینٹی گریڈ اور کم سے کم 22 ڈگری رہنے کی توقع ہے جب کہ دن بھر ہلکی ہوائیں اور بوندا باندی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق دوپہر ڈیڑھ بجے سے ساڑھے چھ بجے تک 55 سے 59 فیصد بارش کا امکان ہے جب کہ اسی وقت پریماداسا اسٹیڈیم میں پاک بھارت میچ شیڈول ہے۔

موجودہ پوائنٹس سسٹم کے تحت اگر پاک بھارت میچ بارش کی نذر ہوگیا تو دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ دے دیا جائے گا۔ دونوں ممالک کے شائقین مسلسل موسمی اپ ڈیٹس پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور امید کر رہے ہیں کہ حالات بہتر ہوں تاکہ ٹورنامنٹ کے اس اہم ترین مقابلے کا انعقاد ممکن ہو سکے۔

اس سے قبل پاکستان اور آئرلینڈ کا وارم اپ میچ بھی بارش کے باعث منسوخ ہوگیا تھا۔ یاد رہے کہ پاکستان ٹیم اپنے دونوں میچز جیت کر گروپ اے میں 4 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے جب کہ بھارت ایک میچ جیت کر 2 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان نے بنگلہ دیش سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے بھارت کے خلاف میچ کھیلنے سے انکار کیا تھا تاہم بعد ازاں حکومتِ پاکستان کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ بیان میں تصدیق کی گئی کہ قومی ٹیم طے شدہ میچ کھیلے گی، جس کے بعد اس اہم مقابلے سے متعلق غیر یقینی صورت حال ختم ہوگئی تھی۔

Read Comments