اپ ڈیٹ 12 فروری 2026 10:07am

بولی ووڈ اسٹارز کی مدد پر راجپال یادو کی اہلیہ کا ردعمل

بولی ووڈ کے معروف کامیڈین اداکارراج پال یادو کی اہلیہ رادھا یادو نے بولی ووڈ کے بڑے اسٹارز سمیت فلم انڈسٹری کی جانب سے بھرپور تعاون پر سب کا شکریہ ادا کیا ہے۔

راج پال یادو ان دنوں قانونی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ دہلی ہائی کورٹ کی جانب سے چیک باؤنس کیس میں مزید مہلت کی درخواست مسترد ہونے کے بعد اداکار نے دہلی کی تہاڑ جیل میں سرنڈر کر دیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق انہیں تقریباً 9 کروڑ روپے کی ادائیگی کرنا ہے۔

اداکار کے جیل جانے کے بعد فلم انڈسٹری کی متعدد شخصیات ان کی مدد کے لیے سامنے آ گئی ہیں۔

اس صورتحال پر راجپال یادو کی اہلیہ رادھا یادو نے خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، ’سب لوگ ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انڈسٹری نے بھرپور تعاون کیا ہے۔ ہم اُن تمام افراد کے شکر گزار ہیں جو مدد کے لیے آگے بڑھ رہے ہیں۔‘

بھارتی میڈیا کے مطابق سونو سود، میکا سنگھ اور گرومیت چودھری سمیت کئی فنکاروں نے مالی معاونت کی پیشکش کی ہے۔

سپر اسٹار سلمان خان، اجے دیوگن اور ورون دھون نے بھی فون پر رابطہ کر کے راجپال یادو کی مدد کا وعدہ کیا ہے۔ اگرچہ امداد کی نوعیت اور طریقہ کار کے بارے میں تفصیلات سامنے نہیں آئیں، تاہم قریبی حلقوں کا کہنا ہے کہ کئی وعدے کیے جا چکے ہیں۔

راج پال یادو کے منیجر گولڈی نے بتایا کہ فلمی برادری کی جانب سے بھرپور رابطہ کیا جا رہا ہے، مگر مالی لین دین میں وقت لگتا ہے۔

ان کے مطابق خاندان حوصلے کے ساتھ اس مرحلے سے گزر رہا ہے اور سب کو امید ہے کہ ضمانت کی سماعت کے بعد مثبت پیش رفت ہوگی۔ ضمانت کی درخواست پر سماعت آج متوقع ہے۔

یاد رہے کہ یہ قانونی معاملہ ایک پرانے قرض سے جڑا ہے، جس کی ادائیگی نہ ہونے پر عدالت نے سخت مؤقف اختیار کیا۔

2010 میں راج پال یادو نے اپنی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ”اتا پتا لاپتا“ کے لیے ایک نجی کمپنی سے 5 کروڑ روپے قرض لیا تھا۔ فلم باکس آفس پر ناکام رہی اور قرض کی واپسی ممکن نہ ہو سکی۔

عدالت کے حالیہ فیصلے کے مطابق اداکار کو سات مختلف کیسز میں فی کس 1.35 کروڑ روپے ادا کرنے ہوں گے، جبکہ جمع شدہ رقم شکایت کنندہ کے حق میں جاری کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اداکار سونو سود سب سے پہلے راج پال یادو کی مدد کے لیے سامنے آئے اور انہوں نے راج پال کو اپنی نئی فلم میں کاسٹ کرنے اور سائننگ اماؤنٹ بطورایڈوانس ادا کرنے کا اعلان کیا۔ اس اقدام کو انڈسٹری میں مثبت اشارہ قرار دیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق اگر قانونی پیش رفت مثبت رہی تو اہلِ خانہ پریس کانفرنس کر کے آئندہ لائحہ عمل سے آگاہ کریں گے۔

راجپال یادو، جو نیشنل اسکول آف ڈرامہ کے فارغ التحصیل ہیں، بولی ووڈ کی متعدد کامیاب کامیڈی فلموں میں اپنی منفرد اداکاری سے شائقین کو محظوظ کرتے رہے ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا فلمی برادری کی یہ یکجہتی انہیں اس مالی بحران سے نکال پاتی ہے یا نہیں۔

کام کے محاذ پر راج پال یادو حال ہی میں زی فائیو کی فلم ’انٹرروگیشن‘ میں نظر آئے تھے۔ اس سے قبل وہ ’بھول بھلیاں 2 اور 3‘، ’ہنگامہ‘، ’گرم مسالا‘ اور دیگر کامیاب فلموں کا حصہ رہ چکے ہیں۔ آنے والے دنوں میں وہ احمد خان کی ’ویلکم ٹو دی جنگل‘ اور پریہ درشن کی ’بھوت بنگلہ‘ میں دکھائی دیں گے۔

Read Comments