شائع 10 فروری 2026 09:53pm

پاک فضائیہ کی مشق ’گولڈن ایگل‘ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر

پاک فضائیہ کی سدرن ایئر کمانڈ کے دائرہ اختیار میں ’گولڈن ایگل‘ مشق کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی۔ مشق کے دوران پاک فضائیہ کے شاہینوں نے مکمل جنگی صلاحیتوں کو منظم انداز میں بروئے کار لاتے ہوئے اعلیٰ سطح کی جنگی تیاری، آپریشنل ہم آہنگی اور عملی مہارت کا شاندار مظاہرہ کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ مشق ٹو فورس تصور کے تحت منعقد کی گئی، جس میں مصنوعی ذہانت پر مبنی اور نیٹ سینٹرک آپریشنز پر خصوصی توجہ دی گئی جبکہ خطے کی بدلتی سیکیورٹی صورتحال کے تناظر میں مقامی سطح پر تیار کردہ جدید، اسمارٹ اور مؤثر ٹیکنالوجیز کو بھی مربوط کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مشق کے دوران دوست افواج نے مضبوط انٹیگریٹڈ ایئر ڈیفنس سسٹم کے فریم ورک میں رہتے ہوئے جنگی ماحول کی تشکیل کی۔ جس میں فرسٹ شوٹ، فرسٹ کلِ صلاحیت رکھنے والے سوئنگ رول لڑاکا طیاروں کا استعمال کیا گیا، جو طویل فاصلے تک مار کرنے والے ’بی وی آر ایئر ٹو ایئر میزائلز‘، توسیع شدہ رینج کے ’اسٹینڈ آف ایئر ٹو گراؤنڈ ہتھیار‘ اور انتہائی درست نشانہ سازی کی صلاحیتوں سے لیس تھے۔

مشق کے دوران ’ایئر ٹو ایئر ریفیولرز‘ اور ’ایئر بورن اَرلی وارننگ اینڈ کنٹرول پلیٹ فارمز‘ نے بھرپور معاونت فراہم کی۔ مشق کی اہم خصوصیت ’مینڈ اَن مینڈ ٹیمِنگ‘ رہی، جس میں دور تک مار کرنے والے کِلر ڈرونز اور ’لوئٹرنگ میونیشنز‘ کو گنجان اور متاثرہ جنگی ماحول میں کامیابی سے بروئے کار لایا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس مشق سے جدید جنگی حالات میں پاک فضائیہ کی تیز رفتار اور پیچیدہ آپریشنز انجام دینے کی صلاحیت کی توثیق ہوئی ہے۔

مشق کو ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں قائم نیکسٹ جنریشن آل ڈومین کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سے متحد کمان اور کنٹرول کے تحت انجام دیا گیا۔ جس میں مکمل اسپیکٹرم پر مشتمل جدید فضائی جنگی ماحول میں مسابقتی کارروائیاں کی گئیں۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق مشق گولڈن ایگل کی کامیاب تکمیل اس بات کی واضح دلیل ہے کہ پاک فضائیہ ہمہ وقت اعلیٰ درجے کی جنگی تیاری برقرار رکھنے، مقامی جدت طرازی سے فائدہ اٹھانے اور موجودہ و مستقبل کے سیکیورٹی چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار اور پُرعزم ہے۔

Read Comments