ڈان’ کیوں چھوڑی، پروڈکشن ہاؤس کا رنویر سنگھ سے 40 کروڑ ہرجانے کا مطالبہ
بولی وڈ کے مشہوراداکاررنویر سنگھ کے ’ڈان3‘ سے اچانک خارج ہونے کے بعد فرحان اختر کی پروڈکشن ہاؤس نے اداکار سے 40 کروڑ روپے کے معاوضے کا مطالبہ کیا ہے۔
بولی ووڈ ورائٹی کے ذرائع کے مطابق، اداکار رنویر سنگھ کے ’ڈان3‘ چھوڑنے کے بعد ان کے اور فرحان اختر کی پروڈکشن کمپنی ایکسیل انٹرٹینمنٹ کے درمیان تنازع شدت اختیار کر کے اب تقریباً 40 کروڑ روپے کے مالی معاملے میں تبدیل ہو چکا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ’ڈان3‘ کی شوٹنگ جنوری 2026 میں شروع ہونے والی تھی اور اس وقت پروڈکشن کمپنی نے اسکرپٹ تیار کرنے، شیڈول بنانے اور لوکیشنز دیکھنے میں کافی سرمایہ لگا دیا تھا۔
ایکسیل انٹرٹینمنٹ کے مطابق رنویر کے اچانک باہر ہوجانے سے کئی مہینوں کی محنت اور اخراجات پر پانی پِھر گیا ہے۔
پروڈکشن کمپنی کا خیال ہے کہ اداکار کو ہونے والے نقصان کا معاوضہ دینا چاہیے۔ تاہم، کہا گیا ہے کہ رنویر نے سختی سے انکار کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ کسی بھی مالی ذمہ داری کے پابند نہیں ہیں۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ رنویر کا کہنا ہے کہ انہوں نے پروجیکٹ اس لیے چھوڑا کیونکہ وہ اسکرپٹ سے خوش نہیں تھے۔ وہ کئی بار تبدیلی کی درخواست کر چکے تھے اور حتمی ڈرافٹ پسند نہیں آیا۔ دوسری طرف ایکسیل کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے پری پروڈکشن صرف اسی وقت شروع کی جب رنویرنے ہامی بھری تھی۔
رنویر سنگھ کو 2023 میں ڈان فرنچائز کا نیا چہرہ بنایا گیا تھا۔ وہ شاہ رخ خان کے کردار میں قدم رکھنے والے پہلے اداکار تھے، جو ’ڈان‘ (2006) اور ’ڈان2‘ (2011) میں شاندار اداکاری کرچکے تھے۔
ڈان فرنچائز شروعات 1978 میں امیتابھ بچن کی فلم سے ہوئی تھی اور یہ فرنچائز آج تک ہندی سینما کے مشہور ایکشن تھرلرزمیں شمار ہوتی ہے۔ جسے لیجنڈری سلیم خان اور جاوید اختر نے لکھا تھا۔
اب تک دونوں فریقین کی جانب سے کوئی سرکاری بیان جاری نہیں ہوا، لیکن اس خبر نے بولی وڈ میں کافی چرچا پیدا کر دیا ہے۔
فلم کے چھوڑنے کے بعد رنویر اپنی اگلی فلم ’دھرندھر2‘ پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں، جو 19 مارچ 2026 کو ریلیز ہونے والی ہے۔ اس میں ارجن رامپال، سنجے دت اور دیگر بڑے اداکار بھی نظر آئیں گے۔
ڈان صرف ایک فلم نہیں بلکہ ایک مشہور فرنچائز ہے جس میں دہائیوں کی محنت اور سرمایہ کاری شامل ہے۔ شاہ رخ خان اور پریانکا چوپڑا کی شاندار اداکاری نے فرنچائز کو عالمی سطح پر پہچان دی۔
اب رنویر سنگھ اور فرحان اختر کے درمیان یہ معاملہ 2026 کی سب سے بڑی بولی وڈ خبر بن گیا ہے۔