جنوبی کوریا کا ملٹری ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 2 افراد ہلاک
جنوبی کوریا کا ملٹری ہیلی کاپٹر تربیتی پرواز کے دوران گر کر تباہ ہوگیا جس کے نیتجے میں عملے کے دو رکن موقع پر ہلاک ہوگئے ہیں۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق جنوبی کوریا کی فوج نے پیر کے روز تصدیق کی ہے کہ ’اے ایچ- ون ایس کوبرا اٹیک‘ ہیلی کاپٹر شمالی ضلع گاپ یانگ میں تربیتی پرواز کے دوران گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر پر موجود عملے کے دو ارکان ہلاک ہو گئے۔
فوج کے بیان کے مطابق ہیلی کاپٹر مقامی وقت کے مطابق صبح گیارہ بجے کے قریب حادثے کا شکار ہوا، تاہم اس کی وجوہات ابھی تک واضح نہیں ہو سکیں۔
حادثے کے بعد دونوں عملے کے ارکان کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، مگر بعد میں انہیں مردہ قرار دے دیا گیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ حادثے کے بعد تمام اے ایچ- ون ایس ہیلی کاپٹرز کی پروازیں معطل کر دی گئی ہیں اور ایمرجنسی رسپانس ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے تاکہ حادثے کی وجوہات کی تحقیقات کی جا سکیں۔
فوج کے مطابق تربیتی مشق میں ایسے حالات کی تیاری کی جاتی تھی جس میں ہیلی کاپٹر کو انجن بند کیے بغیر ہنگامی لینڈنگ کی مشق کرائی جاتی ہے۔
حکام نے کہا ہے کہ تحقیقات کے مکمل ہونے تک ہیلی کاپٹر آپریشنز معطل رہیں گے اور فوج کی جانب سے حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔