عالمی مارکیٹ کے اثرات پاکستان پر، سونا آج پھر مہنگا
عالمی مارکیٹ میں ردوبدل کے بعد پاکستان میں بھی سونے اور چاندی کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پیر کے روز مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 3005 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 5 لاکھ 24 ہزار 762 روپے ہو گئی۔
اسی طرح 10 گرام سونا 4 ہزار 544 روپے مہنگا ہو کر 4 لاکھ 49 ہزار 898 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔
چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔
فی تولہ چاندی 346 روپے مہنگی ہو کر 8 ہزار 615 روپے تک پہنچ گئی، جس سے عام خریداروں کے لیے قیمتی دھاتوں کی خریداری مزید مشکل ہو گئی ہے۔
عالمی سطح پر بھی سونے کی قیمتوں میں تیزی دیکھی جا رہی ہے۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونا 53 ڈالر مہنگا ہو کر تقریباً 5 ہزار 20 ڈالر سے تجاوز کر گیا۔
اسپاٹ گولڈ کی قیمت میں بھی پیر کے روز مزید اضافہ ہوا اور یہ 1.3 فیصد بڑھ کر 5 ہزار 26 ڈالر فی اونس کے قریب پہنچ گئی، جبکہ امریکی فیوچر مارکیٹ میں اپریل ڈیلیوری کے لیے سونا 1.4 فیصد اضافے کے ساتھ 5 ہزار 46 ڈالر فی اونس کے آس پاس ٹریڈ کرتا رہا۔
ماہرین کے مطابق سونے کی قیمتوں میں اس اضافے کی ایک بڑی وجہ امریکی ڈالر کی قدر میں کمی ہے، جس سے ڈالر میں قیمت لگنے والی دھاتیں بیرونی خریداروں کے لیے نسبتاً سستی ہو جاتی ہیں۔ امریکی ڈالر فروری کے اوائل کے بعد کم ترین سطح پر آ گیا ہے، جس نے سونے کی طلب کو سہارا دیا۔