شائع 08 فروری 2026 08:03pm

ٹی 20 ورلڈ کپ: انگلینڈ کے چھکے چھڑانے والی نیپالی ٹیم کو ڈیل اسٹین کی بڑی آفر

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں انگلینڈ کے خلاف میچ میں شاندار کارکردگی دکھانے پر سابق جنوبی افریقی فاسٹ بولر ڈیل اسٹین نے نیپال کی ٹیم کو اپنی خدمات پیش کردیں۔

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کا پانچواں میچ آج نیپال اور سابق عالمی چیمپئن انگلینڈ کے درمیان ممبئی کے وانکھڈے اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، جہاں انگلشن ٹیم نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیپال کو 4 رنز  سے شکست تو دے دی مگر نیپالی ٹیم نے سب کے دل جیت لیے۔

ممبئی میں ہونے والے میچ میں انگلینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے نیپال کو 185 رنز کا بڑا ہدف دیا تاہم ہدف کے تعاقب میں نیپال کی ٹیم نے خوب مقابلہ کیا اور انگلش ٹیم کے چھکے چھڑادیے۔

نیپالی بلے بازوں نے جم کر بیٹنگ کی اور ہدف حاصل کرنے کی بھرپور کوشش کی تاہم وہ آخری گیند پر چھکا لگا کر اپ سیٹ نہ کر سکے۔

نیپال کی ٹیم 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز ہی بناسکی۔ آخری اوور میں نیپال کو 10 رنز درکار تھے تاہم انگلش بولر سیم کرن نے عمدہ بولنگ کا مظاہر کیا اور نیپال کی ٹیم آخری اوور میں صرف 5 رنز بناسکی۔

نیپال کی جانب سے بہترین مقابلے کے بعد سابق جنوبی افریقی فاسٹ بولر ڈیل اسٹین نے اپنی خدمات نیپالی ٹیم کو پیش کردیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے پیغام میں ڈیل اسٹین نے لکھا کہ نیپال اگر کبھی بھی ضرورت پڑے تو میں اپنی خدمات پیش کرتا ہوں۔ ڈیل اسٹین کے علاوہ دیگر ممالک کے سابق کرکٹرز نے بھی نیپال کرکٹ ٹیم کی خوب تعریف کی۔

سابق بھارتی بلے باز یووراج سنگھ نے نیپال کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ دنیا کی بہترین ٹیموں میں سے ایک کے خلاف ڈٹے رہے اور آخری گیند تک مقابلہ جاری رکھا اور ثابت کر دیا کہ یقین اور حوصلہ کیا کچھ کر دکھا سکتا ہے۔

یووراج سنگھ کا کہنا تھا کہ  ایسے ہی ٹیمیں بنتی ہیں اور ایسے ہی چیمپئن ابھرتے ہیں، کرکٹ کی دنیا  دیکھ رہی ہے۔

سابق انگلش کپتان مائیکل وان نے ایکس پر لکھا کہ کیا شاندار کرکٹ میچ تھا، ایسے ہی مقابلے کرکٹ کو دلوں کے قریب بناتے ہیں، نیپال کے کھلاڑیوں نے غیر معمولی مہارت کا مظاہرہ کیا۔

Read Comments