شائع 08 فروری 2026 11:53am

نئی دلہنیں مہنگے کپڑوں کی بجائے سونے کے زیورات میں سرمایہ کاری کریں

پاکستان کی معروف ٹی وی اداکارہ لائبہ خان نے نئی دلہنوں کو اہم مشورہ دیا ہے کہ وہ مہنگے عروسی ملبوسات پر پیسہ ضائع کرنے کے بجائے سونے میں سرمایہ کاری کریں، کیونکہ یہ مستقبل کے لیے منفعت بخش اور محفوظ اثاثہ ثابت ہوتا ہے۔

حال ہی میں اپنی شادی کی خبروں اور ویڈیوز کے ذریعے مداحوں کی توجہ حاصل کرنے والی لائبہ خان نے دی ٹریکی پوڈ کاسٹ میں ماہ نور خان کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے مالی اور عملی تجاویز شیئر کیں اور اپنی شادی کے فیصلے کے پیچھے کی سوچ بھی بیان کی۔

لائبہ خان نے کہا،‘ہمیں مہنگے کپڑے خریدنے کی ضرورت نہیں۔ دلہنیں شادی کے کپڑوں کو کرایے پر لے سکتی ہیں، کیونکہ شادی کا لباس ہم صرف ایک بار پہنتے ہیں، تو پھر اتنا زیادہ پیسہ خرچ کرنے کی ضرورت کیا؟‘

انہوں نے مزید کہا، ’میری رائے میں نئی دلہنیں سونے کے زیورات میں سرمایہ کاری کریں، کیونکہ یہ مستقبل میں قیمتی اثاثہ ثابت ہوتا ہے۔ میک اپ آج کل کافی مہنگا ہو گیا ہے، لیکن چونکہ شادی ایک ہی بار ہوتی ہے، اس لیے دلہن کو چاہیے کہ وہ معیاری میک اپ خریدے۔‘

اپنی شادی کے فیصلے کے بارے میں لائبہ خان نے بتایا، ’مجھے بچپن سے شادی کا شوق تھا، لیکن جیسے جیسے ہم بڑے ہوتے ہیں، ہمیں احساس ہوتا ہے کہ شادی ایک ذمہ داری ہے اس کے لیے ذہنی طور پر تیار ہونا ضروری ہے، اوراگر ذہن شادی کے لیے آمادہ نہیں ہے تو یہ فیصلہ نہیں کرنا چاہیے، کیونکہ شادی کے بعد آپ کو اپنے شوہر اور بچوں کی ذمہ داریاں اٹھانی ہوتی ہیں۔“

لائبہ خان نے واضح کیا، ’سماجی دباؤ میں آ کر کبھی بھی شادی نہیں کرنی چاہیے۔ چاہے والدین، رشتہ دار یا معاشرہ دباؤ ڈالے، فیصلہ ہمیشہ آپ کا ہونا چاہیے۔ دباؤ میں قائم تعلقات اکثر ٹوٹ جاتے ہیں۔

اپنی شادی کے معاملے پر انہوں نے بتایا کہ، ’میں کافی عرصے سے شادی کے بارے میں سوچ رہی تھی اور جب مجھے لگا کہ وقت مناسب ہے، میں نے خاندان سے بات کی اور سب کچھ ترتیب دینے کے بعد شادی ممکن ہو سکی۔‘

Read Comments