اپ ڈیٹ 07 فروری 2026 12:02pm

ٹرمپ کی سابق صدر اوباما سے متعلق متنازع اے آئی ویڈیو شدید تنقید کے بعد ہٹا دی گئی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سابق صدر باراک اوباما اور سابق خاتونِ اول مشال اوباما سے متعلق ایک انتہائی توہین آمیز اے آئی ویڈیو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر پوسٹ کی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے امریکی سیاست میں ہلچل مچا دی۔

ویڈیو میں اوباما اور ان کی اہلیہ کو نہایت نامناسب اور تضحیک آمیز انداز میں پیش کیا گیا، جسے سوشل میڈیا صارفین اور سیاسی حلقوں نے سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔

ویڈیو وائرل ہوتے ہی سوشل میڈیا پر شدید عوامی تنقید سامنے آئی اور اس عوامی ردعمل کے بعد صدر ٹرمپ کو یہ پوسٹ ڈیلیٹ کرنا پڑی۔

بی بی سی نیوز کے مطابق ابتدائی طور پر وائٹ ہاؤس نے ویڈیو کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ یہ صرف ”انٹرنیٹ میم ویڈیو“ ہے اور تنقید کرنے والوں سے کہا کہ ”جعلی غصہ بند کریں“۔ لیکن سخت عوامی اور سیاسی دباؤ کے بعد، بشمول کئی ری پبلکن سینیٹرز، ویڈیو صدر کے ٹرتھ سوشل اکاؤنٹ سے ہٹا دی گئی۔

وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری وضاحت میں یہ بھی کہا گیا کہ مذکورہ ویڈیو صدر کے اکاؤنٹ پر ایک اسٹاف ممبر کی غلطی سے پوسٹ ہوئی اور جیسے ہی اس کا علم ہوا، ویڈیو کو ہٹا دیا گیا۔ تاہم اس وضاحت کو اپوزیشن جماعت ڈیموکریٹس نے مسترد کر دیا۔

سابق صدارتی امیدوار کاملا ہیرس نے وائٹ ہاؤس کے مؤقف پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اس معاملے کو محض غلطی قرار دینا قابلِ یقین نہیں، کیونکہ ابتدا میں اسی ویڈیو کا دفاع کیا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ کے نظریات اور طرزِعمل سے امریکی عوام بخوبی واقف ہیں، اس لیے اس قسم کے واقعات غیر متوقع نہیں۔

بی بی سی نیوز کے مطابق، این اے اے سی پی کے صدر ڈیرک جانسن نے ویڈیو کو ”بہت ہی ناپسندیدہ اور مکروہ“ قرار دیا اور صدر پر الزام لگایا کہ وہ عوام کی توجہ ایپسٹین کیس اور خراب ہوتی معیشت سے ہٹانا چاہتے ہیں۔

سابق اوباما وائٹ ہاؤس کے نائب قومی سلامتی مشیر بین رھوڈز نے کہا کہ اوباما جوڑے کو عوام مستقبل میں محبت سے یاد رکھیں گے جبکہ ٹرمپ کو ملک کے لیے داغ کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔

دوسری جانب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ انہوں نے اوباما سے متعلق پوسٹ مکمل طور پر نہیں دیکھی تھی۔ ان کے مطابق جیسے ہی انہیں ویڈیو کے مواد کا علم ہوا، اسے فوراً ہٹا دیا گیا۔

صدر ٹرمپ کی اوباما کے خلاف تنقید اور پرانے جھوٹے دعوے، جیسے کہ وہ کینیا میں پیدا ہوئے تھے، پہلے بھی مشہور رہے ہیں، حالانکہ بعد میں انہوں نے تسلیم کیا کہ اوباما امریکا میں پیدا ہوئے تھے۔

Read Comments