ٹی 20 ورلڈ کپ کا آغاز: نیدرلینڈز کا پاکستان کو جیت کے لیے 148 رنز کا ہدف
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے افتتاحی میچ میں نیدرلینڈ نے پاکستان کو جیت کے لیے 148 رنز کا ہدف دیا ہے۔
کولمبو میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان نے نیدرلینڈز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
نیدرلینڈز کی ٹیم 19.5 اوورز میں 147 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی۔
مائیکل لیوٹ 24، میکس او داؤد 5، کولن ایکر مین 20، باس ڈی لیڈ 30، کپتان اسکاٹ ایڈروڈز 37، لوگن وین بیک صفر، زیک لائن کیشے 9، وینڈر مروا 4، آریان دت 13 اور پال وین میکران بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر سلمان مرزا نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، اسپنر محمد نواز، ابرار احمد اور صائم ایوب نے دو دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ شاہین آفریدی ایک وکٹ حاصل کرسکے۔
میچ میں ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستان ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ سری لنکا میں پہلی بار ایسی پِچ دیکھ رہا ہوں، ٹیم میں 3 پیسرز ہیں، جو منصوبہ بندی کی ہے اس پر عمل کرنے کی کوشش کریں گے۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون میں صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، سلمان علی آغا، بابر اعظم اور عثمان خان شامل ہیں۔ اس کے علاوہ شاداب خان، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین آفریدی، سلمان مرزا اور ابرار احمد بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان گروپ اے میں روایتی حریف بھارت کے ساتھ شامل ہے جس کے ساتھ 15 فروری کو کولمبو میں شیڈول میچ بنگلادیش کے ساتھ یکجہتی کے لیے کھیلنے سے انکار کر رکھا ہے۔ پاکستان اپنے تمام میچز سری لنکا میں ہی کھیلے گا۔
واضح رہے کہ ٹی20 ورلڈ کپ کے ٹائٹل کے لیے 20 ٹیمیں ان ایکشن ہوں گی۔ میگا ایونٹ کے بھارت اور سری لنکا مشترکہ میزبان ہیں۔
ٹی20 ورلڈ کپ میں کل 55 میچز ہوں گے جبکہ فائنل 8 مارچ کو کھیلا جائے گا۔