مشہور امریکی اینکر کی والدہ اغوا، اطلاع دینے پر 50 ہزار ڈالر انعام کا اعلان
معروف امریکی ٹی وی اینکر ساوانا گتھری کی والدہ کی پراسرار گمشدگی نے حکام کو متحرک کر دیا ہے۔ امریکی اداروں نے نینسی گتھری کی بازیابی کے لیے معلومات فراہم کرنے والے فرد کے لیے 50 ہزار ڈالر انعام مقرر کر دیا ہے۔
ایف بی آئی کے مطابق 84 سالہ نینسی گتھری، جو این بی سی کے مقبول پروگرام ”ٹوڈے“ کی شریک میزبان ساوانا گتھری کی والدہ ہیں، گزشتہ دنوں ایریزونا کے شہر ٹکسن میں اپنے گھر سے لاپتہ ہوئیں۔ ابتدائی شواہد کی بنیاد پر پولیس کو شبہ ہے کہ یہ واقعہ اغوا کا ہو سکتا ہے اور خاتون ممکنہ طور پر ابھی تک حراست میں ہیں۔
فوکس نیوز کے مطابق، تحقیقات میں اب تک سامنے آیا ہے کہ 84 سالہ نینسی گتھری کو ممکنہ طور پر ان کے گھر سے زبردستی لے جایا گیا ہے۔ تاحال کسی مشتبہ شخص یا مرکزی ملزم کا نام عوام کے سامنے نہیں لایا گیا۔
حکام کی جانب سے جاری کی گئی ٹائم لائن کے مطابق نینسی گتھری کو ہفتہ 31 جنوری کی رات تقریباً 9 بج کر 48 منٹ پر اہل خانہ کے ساتھ کھانا کھانے کے بعد ان کے گھر چھوڑا گیا۔ اتوار یکم فروری کی رات تقریباً 1 بج کر 47 منٹ پر گھر کا ڈور بیل کیمرا سکیورٹی سسٹم سے منقطع ہو گیا۔ اس کے تقریباً 25 منٹ بعد گھر کے قریب حرکت محسوس کی گئی، مگر کوئی ویڈیو ریکارڈ نہ ہو سکی۔ رات 2 بج کر 28 منٹ پر نینسی گتھری کے پیس میکر سے منسلک ایپ ان کے موبائل فون سے منقطع ہو گئی، جبکہ فون بعد میں گھر کے اندر سے ملا۔
معروف اینکرساوانا گتھری نے اپنے بہن بھائیوں کے ہمراہ عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کے پاس ان کی والدہ سے متعلق کوئی بھی معلومات ہوں تو فوری طور پر حکام سے رابطہ کریں۔ انہوں نے بھی یہی کہا کہ ان کی والدہ کو ان کے گھر سے زبردستی لے جایا گیا ہے۔
وائٹ ہاؤس کی جانب سے بھی ایک بیان جاری کیا گیا ہے جس میں تصدیق کی گئی کہ نینسی گتھری کی تلاش کا عمل جاری ہے اور عوامی تعاون کو نہایت اہم قرار دیا گیا ہے۔ حکام نے ہدایت کی ہے کہ کسی بھی قسم کی اطلاع ایمرجنسی نمبرز پر فراہم کی جائے۔
ایریزونا کے مقامی حکام کے مطابق اتوار کے روز اس کیس میں مجرمانہ پہلوؤں کے شواہد سامنے آئے ہیں۔ تاہم ایک سکیورٹی ذریعے نے امریکی میڈیا کو بتایا کہ تفتیش کاروں کے پاس تاحال اس بات کا کوئی واضح ثبوت موجود نہیں کہ نینسی گتھری زندہ ہیں۔ اس سلسلے میں فرانزک شواہد، خون کے نمونے اور فنگر پرنٹس کا تجزیہ کیا جا رہا ہے۔
مزید برآں، تفتیشی ادارے اُن مبینہ تاوان کے لیے وصول ہونے والے خطوط کی بھی جانچ کر رہے ہیں جو نامعلوم افراد کی جانب سے چند مقامی میڈیا اداروں کو موصول ہوئے ہیں۔
پیما کاؤنٹی شیرف آفس کے مطابق نینسی گتھری کو آخری بار ہفتے کی شب تقریباً ساڑھے نو بجے شمالی ٹکسن میں ان کی رہائش گاہ پر دیکھا گیا تھا۔ شیرف کرس نانوس نے بتایا کہ ایک قریبی رشتہ دار نے اتوار کی دوپہر حکام کو ان کی گمشدگی کی اطلاع دی، جس میں یہ بھی بتایا گیا کہ خاتون کی طبی حالت پہلے ہی تسلی بخش نہیں تھی۔
حکام کا کہنا ہے کہ تفتیش ہر ممکن زاویے سے جاری ہے اور کسی بھی نئی اطلاع کو نہایت سنجیدگی سے دیکھا جا رہا ہے۔