ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے کمنٹری پینل کا اعلان، پاکستان سے 4 نام شامل
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے 10ویں ایڈیشن کے لیے کمنٹری پینل کی فہرست جاری کر دی ہے۔ اس پینل میں سابق کرکٹ کے عظیم کھلاڑی اور موجودہ اسٹارز شامل ہیں۔
ٹی 20 ورلڈ کپ 7 فروری سے بھارت اور سری لنکا میں شروع ہو رہا ہے، اور اس کی کمنٹری ٹیم میں عالمی شہرت یافتہ نام شامل ہیں جن میں روی شاستری، ناصر حسین، ایان اسمتھ اور ایان بشپ شامل ہیں۔
کمینٹری پینل میں پاکستان سے چار سابق کھلاڑی اس پینل کا حصہ ہوں گے، جن میں وسیم اکرم، وقار یونس، بازید خان اور رمیز راجہ شامل ہیں۔ دیگر بین الاقوامی کرکٹرز جو کمنٹری کے فرائض سنبھالیں گے ان میں ایرون فنچ، دنیش کارتک، کمار سنگاکارا، سیموئل بدری، رابن اتھپا اور کارلوس بریتھویٹ شامل ہیں۔
ٹی 20 ورلڈ کپ میں ایک دلچسپ بات یہ ہے کہ موجودہ کھلاڑی اور آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ جیتنے والے کپتان ٹیمبا باووما بھی ورلڈ کپ میں کمنٹری کریں گے۔
اس کے ساتھ ہی 2014 کے ٹی 20 ورلڈ کپ کے فاتح اینجلو میتھیوز بھی اس کمنٹری ٹیم کا حصہ ہوں گے اور یہ دونوں پہلی بار عالمی کپ کے دوران اپنے تبصرے پیش کریں گے۔