اپ ڈیٹ 06 فروری 2026 11:14am

صدر ٹرمپ کے پاس سفارتکاری کے علاوہ بھی کئی آپشنز ہیں، ترجمان وائٹ ہاؤس

وائٹ ہاؤس نے ایران کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی صدر کے پاس سفارتکاری کے علاوہ بھی متعدد آپشنز موجود ہیں۔ وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ ایران کے معاملے پر اپنے مؤقف اور مطالبات کے حوالے سے بالکل واضح ہیں۔

وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری کیرولین لیوٹ نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ یہ جانچنا چاہتے ہیں کہ آیا ایران کے ساتھ کوئی معاہدہ ممکن ہے یا نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ ایران کے معاملے پر اپنے مطالبات کے حوالے سے مکمل طور پر واضح ہیں۔

کیرولین لیوٹ نے پریس بریفنگ کے دوران ایرانی قیادت کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر کے پاس سفارتکاری کے علاوہ دیگر آپشنز بھی موجود ہیں۔

وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری کے مطابق صدر ٹرمپ دنیا کی تاریخ کی سب سے طاقتور فوج کے کمانڈر انچیف ہیں اور وہ اپنے اختیارات استعمال کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔

دوسری جانب ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بتایا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جوہری مذاکرات آج عمان کے دارالحکومت مسقط میں ہوں گے۔

امریکی وفد کی قیادت صدر ٹرمپ کے نمائندہ خصوصی اسٹیو وٹکوف جبکہ ایرانی وفد کی قیادت عباسی عراقچی کریں گے۔ جوہری مذاکرات صبح دس بجے مسقط میں شروع ہوں گے۔

ترجمان کے مطابق ایران ان مذاکرات میں پورے اختیار کے ساتھ شریک ہوگا اور اس کا مقصد ایک منصفانہ، باہمی طور پر قابلِ قبول اور باوقار مفاہمت تک پہنچنا ہے۔

Read Comments