سانحہ گل پلازہ کے بعد کراچی میں آتشزدگی کے واقعات میں اضافہ
سانحہ گل پلازہ کے بعد کراچی میں آتشزدگی کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، آج شہر کے مختلف علاقوں فیڈرل بی ایریا، شیر شاہ، کورنگی، ملیر، نیو کراچی، مہران ٹاؤن اور چڑیا گھر کے اطراف میں لگنے والی آگ پر ریسکیو اور فائر بریگیڈ کی بروقت کارروائی سے قابو پالیا گیا جب کہ خوش قسمتی سے کسی واقعے میں جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
جمعرات کو کراچی شہر کے مختلف علاقوں میں آتشزدگی کے الگ الگ واقعات پیش آئے، جس کے بعد ریسکیو ادارے الرٹ رہے۔ سب سے پہلے فیڈرل بی ایریا میں عثمان میموریل اسپتال کے قریب واقع ایک جم میں آتشزدگی کی اطلاع موصول ہوئی، جہاں بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا گیا۔
اس کے بعد شیرشاہ کے علاقے اکبر روڈ، نعمان کانٹا کے قریب واقع پلاسٹک کے گودام میں بھی آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا جہاں تین فائر بریگیڈ کی گاڑیوں نے آگ پر قابو پایا۔
ملیر کے علاقے خرم آباد، فاروق ولاز کے قریب واقع جانوروں کے کیٹل فارم میں بھی آتشزدگی کی اطلاع ملی۔ ریسکیو 1122 کی ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا تاہم واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
کورنگی نمبر پانچ میں ایک نجی بینک کی عمارت کی چھت پر آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی جب کہ پولیس اہلکاروں نے فوری طور پر بالٹیوں میں پانی بھر کر آگ پر قابو پالیا۔
نیو کراچی انڈسٹریل ایریا میں فاطمہ ٹاور کے قریب کے الیکٹرک کے جنکشن میں آگ لگ گئی، فائر بریگیڈ کی ایک گاڑی نے آگ پر قابو پالیا، ریسکیو حکام کے مطابق وجوہات سامنے نہیں آسکیں۔
کورنگی مہران ٹاؤن، عالمگیر ویلفیئر ٹرسٹ کے قریب واقع پرفیوم کی فیکٹری میں بھی آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا، فائر بریگیڈ کی تین گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف رہیں۔
جڑیا گھر کے گیٹ نمبر چار کے قریب الیکٹرک پول میں آگ لگنے سے دھماکے ہوئے،پولیس اور فائر بریگیڈ کی دو گاڑیوں کی مدد سے آگ پر قابو پالیا گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق تمام واقعات میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔