شائع 05 فروری 2026 08:48am

یومِ یکجہتی کشمیر: بھارتی مظالم کے خلاف ملک بھر میں ریلیاں اور تقاریب

پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یومِ یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے، جس کا مقصد کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار اور ان کے حقِ خودارادیت کی حمایت کو اجاگر کرنا ہے۔ اس موقع پر آزاد کشمیر سمیت ملک بھر میں عام تعطیل ہے، جبکہ مختلف شہروں میں ریلیاں نکالی جا رہی ہیں اور سیمینارز و تقاریب کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ ان سرگرمیوں میں سیاسی، سماجی اور تعلیمی حلقوں کی جانب سے بھرپور شرکت دیکھنے میں آ رہی ہے۔

یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغامات میں کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی اور ان کے حقِ خودارادیت کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

صدرِ مملکت نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو نے یومِ یکجہتی کشمیر کے باقاعدہ انعقاد کی روایت قائم کی تھی اور آج دنیا بھر کے پاکستانی کشمیری عوام کی غیرمتزلزل حمایت کا اظہار کر رہے ہیں۔

انہوں نے مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال کو عالمی ضمیر کے لیے تشویش ناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ پانچ اگست 2019 کے بعد بھارت نے اپنی گرفت مضبوط کرنے کے ساتھ ساتھ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں اضافہ کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ یومِ یکجہتی کشمیر کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کا دن ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر اقوامِ متحدہ کے ایجنڈے پر موجود ایک دیرینہ تنازع ہے اور بھارتی رویے کے باعث کشمیری عوام دہائیوں سے اپنے بنیادی حق سے محروم ہیں۔

وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت آئندہ بھی جاری رکھے گا۔

سیاسی حلقوں کی جانب سے بھی اس دن پر مختلف آرا سامنے آئیں۔

مسلم لیگ ن کے رہنما سعد رفیق نے کہا کہ آج کا دن کشمیری عوام کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا دن ہے اور اس حوالے سے ثقافتی اداروں کا کردار نہایت اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کو توڑنے میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتا بلکہ خطے میں امن چاہتا ہے۔

ان کے مطابق خطے میں امن کے لیے سب سے اہم اقدامات نواز شریف نے کیے، تاہم سیاسی حالات کے باعث ان کوششوں کو آگے نہ بڑھایا جا سکا۔

اسلام آباد سمیت دیگر بڑے شہروں میں بھی یومِ یکجہتی کشمیر کے حوالے سے تیاریاں کی گئی ہیں۔

دارالحکومت میں ریلیاں، دعائیہ تقاریب اور سیمینارز منعقد کیے جا رہے ہیں، جن میں کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کے عزم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ اسلام آباد میں مختلف سرکاری و نجی اداروں کی جانب سے تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے۔

یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر مجموعی طور پر ملک بھر میں ایک ہی پیغام نمایاں ہے کہ پاکستان کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کے حقِ خودارادیت کی حمایت کو ہر سطح پر جاری رکھے گا۔

Read Comments