’شوہر کی پہلی اہلیہ مجھے جیب خرچ دیتی تھیں‘؛ اداکارہ اسما عباس کا انکشاف
پاکستان کی سینئر اور باصلاحیت اداکارہ اسماء عباس نے شوہر کی پہلی اہلیہ سے تعلقات پر دل کھول کر بات کر دی۔
اسماء عباس کا شمار ان فنکاراؤں میں ہوتا ہے جنہوں نے ہر کردار میں اپنی منفرد پہچان بنائی۔ سوشل میڈیا پر ان کی ڈیجیٹل ویڈیوز بھی مداحوں میں بے حد مقبول ہیں۔
حال ہی میں اسماء عباس نے اپنی بھانجی نریمان انصاری کے ساتھ ایک انٹرویو میں اپنی ذاتی زندگی کے ایک نہایت حساس پہلو پر گفتگو کی۔
انہوں نے اپنے شوہر کی پہلی اہلیہ کے ساتھ تعلقات کے بارے میں تفصیلی بات کی، جس نے مداحوں کو حیران بھی کیا اور متاثر بھی۔
انٹرویو کے دوران اسماء عباس نے کہا کہ انہوں نے ابتدا ہی سے شوہر کی پہلی اہلیہ کو ایک عورت کے طور پر دیکھا اور یہ سوچا کہ ’وہ بھی ایک عورت ہیں اور میں بھی ایک عورت ہوں، اس لیے میں نے انہیں وہی عزت دی جس کی وہ حقدار تھیں۔‘
اداکارہ کے مطابق، وہ اس حقیقت سے بھی آگاہ تھیں کہ وہ عمر میں ان سے چھوٹی بھی تھیں اور خوبصورت بھی، ان کی شادی کو بارہ سال ہو چکے تھے اور وہ زندگی میں کئی جذباتی تکالیف سے گزر چکی تھیں۔
اسماء عباس کا کہنا تھا کہ انہوں نے جان بوجھ کر اس رشتے کو منفی بنانے کے بجائے خوبصورت طریقے سے نبھانے کا فیصلہ کیا کیونکہ وہ خود بھی نیگیٹیو سوچ نہیں رکھتی ہیں۔
ان کا ماننا تھا کہ حالات کبھی بھی کسی کے لیے ایک جیسے نہیں رہتے، اور جو صورتحال آج کسی اور کو درپیش ہے، کل وہ خود بھی اسی جگہ ہو سکتی ہیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ شوہر کی پہلی اہلیہ کے ساتھ ان کا رشتہ بے حد خوبصورت اور محبت بھرا تھا۔ دونوں بارہ برس تک ایک ہی گھر میں اکٹھے رہیں، ایک جیسے کپڑے اور زیورات پہنتیں ، مل کر شاپنگ کرتیں ، گھومنے جاتیں اور ایک دوسرے کا خیال رکھتیں۔
اسماء عباس نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ یہ سوچا کہ پہلی اہلیہ کی اولاد نہ ہونا ان کا قصور نہیں، اگر ان کا مزاج سخت ہے تو اس میں بھی ان کا کوئی قصور نہیں ہے۔ اس لیے انہیں وہی مقام دیا جانا چاہیے جس کی وہ حقدار تھیں۔
اسماء عباس نے یہ بھی انکشاف کیا کہ ، ’گھر کاخرچہ میں ان کو دیتی تھیں اور وہ اس سے گھر چلاتی تھیں اور مجھے بھی اسی میں سے وہ جیب خرچ دیتی تھیں۔‘
اداکارہ کے مطابق، وہ انہیں ماسٹر بیڈ دیتی تھیں اور خود ان کے پیچھے لیلٰی بن کر گھومتی رہتی تھیں، کیونکہ ان کے دل میں ان کے لیے بے پناہ احترام اور محبت تھی۔
اسماء عباس نے ہنستے ہوئے یہ بھی انکشاف کیا کہ ان کے شوہر کبھی کبھار ان دونوں کی مضبوط بانڈنگ سے جیلیسی محسوس کرتے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ وہ ہمیشہ پہلی اہلیہ کو ترجیح دیتی تھیں، یہاں تک کہ گاڑی میں اگلی نشست بھی انہیں ہی دیتی تھیں اور شوہر بھی ان کے سامنے انہیں ڈانٹنے کی جرات نہیں کرتے تھے۔
اداکارہ نے یہ بھی بتایا کہ وہ ایک دوسرے کو نام لے کر نہیں بلکہ ”سنیں“ کہہ کر بلاتی تھیں، جو ان کے نزدیک عزت کا اعلیٰ ترین مقام ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ انہیں اس بات کی خوشی ہے کہ انہوں نے پہلی اہلیہ کے ساتھ ہمیشہ اچھا سلوک کیا، اگرچہ وہ جلد اس دنیا سے رخصت ہو گئیں۔
اسماء عباس کے مطابق، وہ اس بات پر مکمل یقین رکھتی ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے ان کے شوہر کی زندگی کو متوازن رکھنے کے لیے یہ سب فیصلے کیے، اور انہیں اولاد کی نعمت بھی عطا کی۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے ہر صورتحال کو مثبت انداز میں لیا اور آج وہ مکمل طور پر مطمئن ہیں۔
اسماء عباس کی یہ گفتگو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جہاں صارفین ان کی بالغ نظری، برداشت، احترام اور مثبت سوچ کو خوب سراہ رہے ہیں۔