شائع 03 فروری 2026 08:48pm

محمود اچکزئی کا وزیراعظم کو خط: عمران خان کی صحت کا معاملہ اٹھا دیا

قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف محمود خان اچکزئی نے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ کر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کی صحت کے معاملے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کا اڈیالہ جیل میں ذاتی معالجوں سے مکمل اور شفاف طبی معائنہ کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔

منگل کو اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھا، جس میں انہوں نے سابق وزیراعظم عمران خان کی صحت کا معاملہ اٹھایا ہے۔

خط میں محمود خان اچکزئی نے اڈیالہ جیل میں قید عمران خان کا مکمل طبی معائنہ ذاتی ڈاکٹروں سے کرانے کا مطالبہ کیا ہے اور عمران خان کے طبی معائنے اہلِ خانہ اور ذاتی معالجین کی عدم موجودگی پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

قائدِ حزبِ اختلاف نے وزیراعظم سے فوری ذاتی مداخلت کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کی صحت بنیادی انسانی حقوق کا معاملہ ہے، عمران خان کا طبی معائنہ شوکت خانم اور شفا اسپتال کے ڈاکٹروں سے کرایا جائے۔

خط میں محمود خان اچکزئی نے ذاتی ڈاکٹروں کے نام تجویز کیے ہیں، جن میں ڈاکٹر محمد عاصم یوسف، ڈاکٹر پروفیسر مظہر اسحاق اور ڈاکٹر پروفیسر عامر اعوان کے نام شامل ہیں۔

Read Comments