اپ ڈیٹ 03 فروری 2026 03:59pm

سونے کی قیمت میں ایک دن میں دوسری مرتبہ بڑا اضافہ

عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ہو گیا ہے۔ جس کے بعد پاکستان میں بھی فی تولہ اور دس گرام سونے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

پاکستان میں گزشتہ چند روز کے دوران سونے کی قیمت میں کمی کے بعد منگل کے روز قیمتوں میں دوسری مرتبہ بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

مقامی مارکیٹ میں پہلے دس گرام سونا 11 ہزار 744 روپے اور فی تولہ سونے کی قیمت میں 13 ہزار 700 روپے اضافہ ریکارڈ ہوا۔ جس کے بعد قیمتوں میں مزید اضافہ ہوگیا اور دس گرام سونا 20 ہزار 576 روپے اور فی تولہ 24 ہزار روپے مہنگا ہوگیا۔

پاکستان میں فی تولہ سونا 5 لاکھ 14 ہزار 362 روپے جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت 4 لاکھ 40 ہزار 982 روپے پر پہنچ گئی ہے۔

عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں تیزی آئی ہے جہاں فی اونس سونا 240 ڈالر اضافے کے بعد 4 ہزار 916 ڈالر فی اونس ہو گیا ہے۔

یہ اضافہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب تاریخ کی بلند ترین سطح تک پہنچنے کے بعد سونے کی قیمت میں اچانک بڑی کمی دیکھنے میں آئی تھی اور قیمتیں صرف تین روز کے دوران فی تولہ سونا 82 ہزار 500 روپے سستا ہو گیا تھا۔

گزشتہ کچھ روز کے دوران چاندی اور پلاٹینم کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا گیا تھا، تاہم امریکا میں سیاسی صورتحال میں بہتری کے اشاروں کے بعد سونا، چاندی اور پلاٹینم تینوں کی قیمتیں تیزی سے نیچے آئی تھیں۔

اس سے قبل مقامی مارکیٹ میں غیر معمولی اضافے کو گولڈ مارکیٹ کی تاریخ کا بڑا اضافہ قرار دیا تھا، کیونکہ صرف ایک ماہ کے دوران ایک سال کے برابر اضافہ ریکارڈ ہوا تھا۔ جہاں صرف ایک ماہ میں فی تولہ سونا ایک لاکھ 18 ہزار روپے مہنگا ہوا تھا، جس کے نتیجے میں قیمت 4 لاکھ 54 ہزار روپے سے بڑھ کر 5 لاکھ 72 ہزار روپے تک جا پہنچی تھی۔

ماہرین کے مطابق دنیا بھر میں جاری تنازعات، موجودہ اور ممکنہ نئے ٹیرف اور سیاسی غیر یقینی صورتحال کے باعث سونا اب بھی سرمایہ کاروں کے لیے محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جا رہا ہے۔ تاہم ان کا کہنا ہے کہ دیگر اجناس کی طرح سونے کی قیمتیں جس رفتار سے بڑھتی ہیں، اسی تیزی سے گرنے کا خدشہ بھی موجود رہتا ہے۔

Read Comments