’مجھے فقیر بنا دیا ہے‘؛ اداکار راشد محمود یوٹیوبرز پر برہم
پاکستان کے سینئر اداکار راشد محمود نے یوٹیوبرز کی جانب سے انٹرویوز میں ان کی باتیں توڑ مروڑ کر پیش کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں راشد محمود نے کہا،’میں دکھی دل کے ساتھ تمام یوٹیوبرز سے گزارش کر رہا ہوں کہ براہ کرم میرے پاس نہ آئیں۔ مجھے آپ کی مدد کی ضرورت نہیں اور نہ ہی میں انٹرویو دینا چاہتا ہوں۔’
انہوں نے مزید کہا کہ، ’آپ میرے انٹرویوز کو ویوز کے لیے توڑ مروڑ کر پیش کر رہے ہیں اور ہیڈلائنز ایسی بنا دیتے ہیں جو میرے وقار کو نقصان پہنچاتی ہیں۔ ایسا لگ رہا ہے کہ مجھے فقیر بنا دیا گیا ہے، حالانکہ میں نے کسی سے ایک بھی پیسہ نہیں مانگا۔‘
اداکار نے واضح کیا کہ چند روز قبل انہوں نے اپنی صحت، خاص طور پر مہروں کی تکلیف کے حوالے سے ایک ویڈیو اپنے سوشل اکاؤنٹس پر شیئر کی تھی۔ اس کے بعد مختلف یوٹیوب چینلز نے انٹرویوز کیے، لیکن کچھ نے ان کے الفاظ کو گمراہ کن طریقے سے پیش کیا۔
راشد محمود نے یوٹیوبرز کو مخاطب کرتے ہوئے مزید کہا، ’آپ لوگوں نے مری زندگی بھر کی محنت سے کمائی ہوئی عزت پرپانی پھیر دیا ہے۔ میری درخواست ہے کہ کسی یوٹیوبر کی جانب سے میری عزت کو نقصان نہ پہنچایا جائے۔‘
انہوں نے کہا کہِ ’مجھے آپ کی ضرورت نہیں ہے۔ میرا اللہ میرے ساتھ ہے۔ میں اللہ کی مہربانی سے بہتر ہوں اور ٹھیک ہو رہا ہوں۔ لیکن آپ لوگ میری محنت اور وقار کو مسخ کر رہے ہیں۔‘
راشد محمود کی اداکاری کو مداح انہیں بطور منفی کرداروں میں بھی خوب پسند کرتے ہیں اور وہ اپنے سوشل، سیاسی اور میڈیا ایشوز پر کھل کر آواز بلند کرنے کے لیے جانے جاتے ہیں۔