شائع 02 فروری 2026 05:48pm

پاکستان کے بھارت کے ساتھ میچ نہ کھیلنے کے فیصلے پر شاہد آفریدی کا رد عمل آگیا

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں بھارت کے ساتھ میچ نہ کھیلنے کے حکومتی فیصلے پر رد عمل دیتے ہوئے اسے بہترین قرار دیا ہے۔

پیر کو سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا کہ میں نے ہمیشہ اس بات کو یقین رکھا ہے کہ جب سیاست کے دروازے بند ہوتے ہیں تو کرکٹ دروازے کھول سکتی ہے۔

قومی ٹیم کے سابق آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان کا بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنا افسوسناک ضرور ہے مگر وہ اس فیصلے میں اپنی حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ وقت آئی سی سی کے لیے ایک امتحان ہے کہ وہ بیان بازی بجائے اپنے فیصلوں سے ثابت کرے وہ ایک غیر جانبدار، خود مختار اور تمام رکن ممالک کے ساتھ منصفانہ رویہ رکھنے والا بورڈ ہے۔

شاہد آفریدی کا یہ بیان حکومتِ پاکستان کی جانب سے 15 فروری کو سری لنکا میں شیڈول آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے گروپ مرحلے میں بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کے فیصلے کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔

اتوار کے روز حکومتِ پاکستان نے اعلان کیا تھا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں شرکت کرے گی تاہم گروپ مرحلے میں روایتی حریف بھارت کے خلاف میدان میں نہیں اترے گی، اس فیصلے کا اعلان حکومت کے سرکاری ایکس اکاؤنٹ کے ذریعے کیا گیا۔

واضح رہے کہ آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 بھارت اور سری لنکا میں 7 فروری سے 8 مارچ تک کھیلا جائے گا، پاکستان اپنا پہلا میچ 7 فروری کو کولمبو میں نیدرلینڈز کے خلاف کھیلے گا، اس کے بعد 10 فروری کو امریکا اور 18 فروری کو نمیبیا سے مقابلہ کرے گا۔

Read Comments