سانحہ بھاٹی گیٹ: داتا دربار توسیعی منصوبے پر کام کرنے والی کمپنی کو روک دیا گیا، مالکان گرفتار
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے سخت نوٹس کے بعد سانحہ بھاٹی گیٹ میں بڑی پیش رفت سامنے آ گئی ہے۔ داتا دربار کے توسیعی منصوبے پر کام کرنے والی نجی کمپنی کو فوری طور پر کام سے روک دیا گیا ہے جبکہ کمپنی کے مالکان عثمان یاسین اور سلمان یاسین کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ کے احکامات پر نہ صرف متعلقہ کمپنی کو معطل کیا گیا بلکہ غفلت کے مرتکب سرکاری افسران کے خلاف بھی کارروائی کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
مریم نواز کی ہدایت پر تعمیراتی سائٹ کو جدید سیفٹی پروٹوکولز سے ڈھانپ دیا گیا ہے جبکہ بھاٹی گیٹ کو محفوظ زون قرار دے کر بغیر حفاظتی اقدامات کے کسی بھی قسم کے کام پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اس موقع پر دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ مٹی پاؤ کا دور ختم ہو چکا ہے، واقعے کی تحقیقات کا دائرہ بھی وسیع کر دیا گیا، اب ہر غفلت کا حساب ہوگا اور مجرموں کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ عوام کی جان و مال سے کھیلنے والوں کے لیے پنجاب میں کوئی رعایت نہیں۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب نے بلوچستان میں دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم بلوچستان کے ساتھ کھڑی ہے اور ریاست بلوچستان کے چپے چپے کی حفاظت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف قومی یکجہتی ناگزیر ہے۔
ادھر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھکر کے علاقے منکیرہ میں دانش اسکول کا افتتاح بھی کیا اور اسکول میل پروگرام کا باقاعدہ آغاز کیا۔ اس موقع پر طالبات میں لنچ بکس تقسیم کیے گئے اور تعلیم، محنت اور حوصلے کا پیغام دیا گیا۔