اپ ڈیٹ 01 فروری 2026 08:28pm

پاکستان نے آسٹریلیا کو 111 رنز سے ہرا کر ٹی 20 سیریز میں وائٹ واش کردیا

پاکستان نے تیسرے ٹی 20 میں بھی آسٹریلیا کو 111 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر تین میچوں کی ٹی 20 سیریز میں وائٹ واش کردیا ہے۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ٹی 20 میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 207 رنز بنائے تاہم 208 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی ٹیم 17 ویں اوورز میں 96 رنز بناکر ڈھیر ہوگئی۔

پاکستان کی بیٹنگ

پاکستان کی جانب سے آج اوپنر صائم ایوب اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا تاہم ابتدائی اوورز میں ہی 14 کے اسکور پر فخر زمان 7 گیندوں پر 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد 34 کے اسکور پر کپتان سلمان علی آغا بھی صرف 3 گیندوں پر 5 رنز بناکر اپنی وکٹ گنوابیٹھیں۔

تیسری وکٹ پر صائم ایوب اور بابر اعظم کے درمیان شاندار 69 رنز کی شراکت قائم ہوئی اور ٹیم کا اسکور 103 تک پہنچایا تاہم صائم ایوب کیچ آؤٹ ہوگئے۔

صائم ایوب نے شاندار جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 37 گیندوں پر 56 رنز بنائے، جس میں 6 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے جب کہ خواجہ نافے نے 12 گیندوں پر 21 رنز بناکر چلتے بنے۔

اس کے بعد بابر اعظم اور شاداب خان نے پانچویں وکٹ پر 57 رنز کی شراکت داری قائم کرکے ٹیم کا اسکور 188 تک پہنچایا تو شاداب خان 19 گیندوں پر 46 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ محمد نواز بھی کچھ خاص نہ کرسکے اور صرف 5 رنز کے مہمان ٹھہرے۔

دوسری طرف بابراعظم نے ذمہ دارانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 36 گیندوں پر 50 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے جب کہ فہیم اشرف نے بھی ان کا ساتھ دیا اور 4 گیندوں پر 10 رنز بنا کر پاکستان کا اسکور 200 سے زائد تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

آسٹریلیا کی طرف سے بین دوارشوئس نے سب سے زیادہ 2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ میتھیو کوہن مین، میتھیو شورٹ، کوپر کنولی اور کیمرون گرین نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس طرح پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 207 رنز بنائے جو کہ آسٹریلیا کے خلاف ٹی 20 میں پاکستان کا سب سے بڑا اسکور ہے۔ گرین شرٹس کی اننگز میں مجموعی رن ریٹ 10.35 رہا، اور آخری اوورز میں اضافی 4 رنز شامل ہوئے۔ یوں آسٹریلیا کو جیت کے لیے 208 رنز کا ہدف ملا۔

آسٹریلیا کی بیٹنگ

پاکستان کے 208 رنز کے جواب میں آسٹریلوی بلے باز ایک بار پھر اسپن جال میں پھنس گئے اور کینگروز پورے 20 اوورز بھی نہ کھیل سکے اور پوری ٹیم 16.5 اوورز میں 96 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

آسٹریلیا کے 7 کھلاڑی ڈبل فیگرز میں بھی داخل نہ ہو سکے۔ مارکس اسٹوئنس 23، کیمرون گرین 22 اور جوش فلیپ 14 رنز بنا سکے اس کے علاوہ کپتان مچل مارش ایک، میتھیو شارٹ دو، میتھو رنشا ایک، مچل اون آٹھ اور کوپر کونولی صفر پر آؤٹ ہوئے اور بین دوروشیس ناٹ آؤٹ 7 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جب کہ ایڈم زمپا انجرڈ ہونے کے باعث بیٹنگ کے لیے نہیں آئے۔

پاکستان کی جانب سے اسپنر محمد نواز نے کیریئر بیسٹ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 18 رنز عوض 5 وکٹیں حاصل کیں جب کہ شاہین شاہ آفریدی نے 3 اوورز میں 2 شکار کیے۔ اس کے علاوہ ابرار احمد اور نسیم شاہ، شاداب خان اور فہیم اشرف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس طرح پاکستان نے آسٹریلیا کو 111 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دیتے ہوئے تین میچوں کی ٹی 20 سیریز میں وائٹ واش کردیا۔

پاکستان نے آسٹریلیا  کے خلاف 7 سال بعد ٹی 20 سیریز میں کلین سوئپ کرلیا، اس سے قبل پاکستان نے 2018 میں بھی آسٹریلیا کو وائٹ واش کیا تھا۔

میچ کا ٹاس

پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں 3 میچوں کی سیریز کے تیسرے اور آخری ٹی 20 میچ میں لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں مدمقابل آئیں، جہاں پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے خود بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ٹاس کے موقع پر کپتان سلمان آغا نے کہا کہ پاکستان ٹیم میں تین تبدیلیاں ہیں، فخر زمان ، خواجہ نافع اور شاہین آفریدی کو فائنل الیون میں شامل کیا گیا ہے۔

پاکستانی کپتان کا کہنا تھا کہ وکٹ پہلے10 اوور کے بعد سلوہوجاتی ہے، کوشش ہے پاورپلے میں زیادہ رنز بنائیں، پچھلے میچز میں سپنرز کی کارکردگی متاثر کن رہی ہے، پاکستان ٹیم کے پاس پانچ اعلیٰ معیار کے اسپن بولرز موجود ہیں، آخری میچ جیت کر سیریز میں وائٹ واش کی کوشش کریں گے۔

پاکستان کا اسکواڈ

پاکستان کی ٹیم میں صائم ایوب، فخر زمان، سلمان علی آغا (کپتان)، بابر اعظم، خواجہ نافے، شاداب خان، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور ابرار احمد ٹیم میں شامل ہیں۔

آسٹریلیا کا اسکواڈ

آسٹریلیا کی ٹیم میں مچل مارش (کپتان)، میتھیو شارٹ، کیمرون گرین، میٹ رینشا، مارکس اسٹوئنس، جوش فلپ (وکٹ کیپر)، مچل اوون، کوپر کونولی، بین دوارشوئس، میتھو کوہن مین اور ایڈم زمپا ٹیم شامل ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان ٹیم پہلے 2 میچز جیت کر پہلے ہی سیریز اپنے نام کرچکی ہے، پاکستان کو تین میچز کی سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل ہے۔

پاکستان نے پہلے ٹی 20 میچ میں آسٹریلیا کو 22 رنز سے شکست دی تھی جب کہ دوسرے میچ میں پاکستان کو 90 رنز سے فتح حاصل ہوئی تھی۔

Read Comments