اپ ڈیٹ 01 فروری 2026 01:50pm

عالمی بینک کےصدر اجے بنگا دورے پر پاکستان پہنچ گئے

ورلڈ بینک کے صدر اجے بنگا اہم دورے پر پاکستان پہنچ گئے، وہ 4 فروری تک پاکستان میں قیام کریں گے۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب ور صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑا بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ ڈی پی او اور ڈپٹی کمشنر نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔

ورلڈ بینک کے صدر اجے بنگا اپنے وفد کے ہمراہ گوردوارہ سری پنجہ صاحب حسن ابدال پہنچے ہیں۔ جہاں ڈی پی او اٹک اور ڈپٹی کمشنر کی جانب سے انکا استقبال کیا گیا ہے۔

اجے بنگا نے گوردوارہ پنجہ صاحب میں مذہبی رسومات ادا کیں۔ اس موقع پر سکھ برادری کی جانب سے اجے بنگا کو سروپا پیش کیا گیا۔ وفد کی آمد کے موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔دورے کے بعد اجے بنگا حسن ابدال سے روانہ ہو گئے۔

اجے بنگا اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے، جن میں وزیراعظم اور وزیر خزانہ سے بات چیت بھی شامل ہے۔ ذرائع کے مطابق ملاقاتوں میں معاشی اصلاحات، ترقیاتی منصوبے اور بھارت کے ساتھ آبی تنازعات پر تبادلۂ خیال کا امکان ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ عالمی بینک سے دس سالہ کنٹری پارٹنرشپ کے فریم ورک پر عمل درآمد میں اہم پیش رفت متوقع ہے، جس کے تحت 2035 تک پاکستان کو بیس ارب ڈالر فراہم کیے جائیں گے۔ اس دوران اجے بنگا کو پاکستان میں جاری معاشی اصلاحات اور ترقیاتی منصوبوں سے آگاہ کیا جائے گا۔

Read Comments