ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان کی شرکت کا فیصلہ آج متوقع
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے ٹی 20 ورلڈکپ کے معاملے میں بنگلادیش کرکٹ بورڈ کو اعتماد میں لیا اور خطے کی مجموعی کرکٹ صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا۔
ذرائع کے مطابق جاری مشاورت کا مقصد کسی بھی ممکنہ پیچیدگی سے بچتے ہوئے پاکستان کے مفادات کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔
اس معاملے پر وزیراعظم پاکستان نے بھی ہدایت کی ہے کہ فیصلہ خوش اسلوبی اور تدبر کے ساتھ کیا جائے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی شام چھ بجے ہونے والی ملاقات میں پاکستان کی ورلڈکپ میں شرکت کے حوالے سے حتمی فیصلہ سامنے آئے گا۔
واضح رہے کہ آئی سی سی اور بنگلادیش کے درمیان ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے تنازع تقریباً تین ہفتوں سے جاری تھا۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے اثر و رسوخ کے باعث انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بنگلادیش کے جائز مطالبات تسلیم کرنے سے انکار کیا اور اسے ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔
بنگلادیش کے چار میچز کولکتہ میں شیڈول تھے، تاہم ہندو انتہا پسندوں کی دھمکیوں کے بعد بنگلادیش کے فاسٹ باؤلر مستفیض الرحمان کو آئی پی ایل سے نکال دیا گیا تھا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کی کولمبو روانگی کل متوقع ہے، جبکہ ٹی 20 ورلڈکپ کا آغاز 6 فروری سے ہوگا۔