شائع 01 فروری 2026 11:51am

بلا وجہ رونا ذہنی دباؤ کو کیوں کم کرتا ہے؟ ماہرین کی وضاحت

کہتے ہیں آنسو دل کی زبان ہیں۔ خوشی میں خوشی کے آنسو اور دکھ میں دل کا بوجھ ہلکا کرنے والے آنسو۔ بے وجہ رونا بھی جسم کا قدرتی ردعمل ہے، جو نہ صرف دباؤ کو کم کرتا ہے بلکہ ذہنی سکون اور جسمانی صحت کے لیے فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔

کیا آپ کی زندگی میں بھی ایسا لمحہ آیا ہے جب آپ کمرہ بند کر کے بلاوجہ خوب روئے ہوں؟ اگر ہاں، تو جان لیں کہ یہ بالکل نارمل ہے اور درحقیقت آپ کی صحت کے لیے فائدہ مند بھی ثابت ہو سکتا ہے۔

تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ رونا نہ صرف ذہنی دباؤ کو کم کرتا ہے بلکہ آپ کو اندر سے ہلکا بھی محسوس کراتا ہے۔

حال ہی میں، مشہور ہارمون کوچ پورنیما پیری نے ایک ویڈیو میں بتایا کہ بے وجہ رونا دراصل آپ کے جسم کا ذہنی ردعمل ہے۔

اُن کے مطابق، ”آنکھوں سے بہنے والے آنسو کمزوری نہیں، بلکہ جسمانی نظام کو ریگولیٹ کرنے کا ایک طریقہ ہیں۔“

ہارمون کوچ کے مطابق رونا پیرایسمپیتھٹک نروس سسٹم کو فعال کرتا ہے۔ آسان الفاظ میں، جب جسم میں اسٹریس ہارمون کورٹیسول کی سطح زیادہ ہو، تو رونا اس تناؤ کو خارج کرنے کا ایک قدرتی طریقہ فراہم کرتا ہے۔ ایسا کرنے سے جسم ”لڑائی یا فرار“ کی حالت سے باہر آجاتا ہے۔

کلیولینڈ کلینک کی رپورٹ کے مطابق، جب آپ دل سے رو لیتے ہیں تو ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے سینے پر پڑا بھاری بوجھ ہٹ گیا ہو۔

اگر جذبات کا اظہار نہ کیا جائے تو یہ اندرونی دباؤ پیدا کر سکتے ہیں، لیکن رونے سے یہ دباؤ کم ہو کر آپ کو ہلکا محسوس کراتا ہے اور منفی توانائی کو جسم پر اثر انداز ہونے سے روکتا ہے۔

جب آپ تناؤ میں ہوں اور اپنے دبے ہوئے جذبات کو رونے کے ذریعے خارج کریں، تو یہ آپ کے اعصابی نظام کو یہ سگنل دیتا ہے کہ آپ محفوظ ہیں۔

لوگ عام طور پر ایک تنہا جگہ میں آنسو بہاتے ہیں، جہاں ان کے سوا کوئی موجود نہ ہو جس سے جسم کو خود کو محفوظ محسوس کرنے کا موقع ملتا ہے۔

اگر آپ اپنے ساتھی، دوست یا پیاروں کے ساتھ ہوں اور اتنا محفوظ محسوس کریں کہ آزادانہ طور پر رو سکیں، تو آپ کا جسم خود بخود بہتر اور ہلکا محسوس کرے گا۔

ہارمون کوچ کا کہنا ہے کہ جذبات کو دبانے سے جسم میں اسٹریس ہارمونز کی سطح بڑھ جاتی ہے۔

پورنیما پیری کے مطابق، ’اگر آپ حال ہی میں زیادہ روئے ہیں تو یہ مطلب نہیں کہ آپ کمزور ہیں، بلکہ جسم توازن واپس لانے کی کوشش کر رہا ہے۔‘

تناؤ کو بہتر طریقے سے کنٹرول کرنے کے لیے سانس لینے کی تکنیکیں مددگار ثابت ہو سکتی ہیں۔ یہ تکنیکیں اعصابی نظام کو پرسکون کرتی ہیں اور آپ کو ایسا ماحول فراہم کرتی ہیں جہاں آنسو بہانے سے نقصان نہ ہو۔

بے وجہ رونا صرف جذبات کی رہائی نہیں، بلکہ جسمانی اور ذہنی صحت کے لیے ایک قدرتی طریقہ ہے۔ یہ تناؤ کو کم کرتا ہے، اندرونی دباؤ کو ختم کرتا ہے اور منفی توانائی کو جسم پر اثرانداز ہونے سے روکتا ہے۔

اگلی بار جب آپ محسوس کریں کہ آپ کو رونا آ رہا ہے، تو اسے دبانے کی بجائے کھل کر رو لیں، کیونکہ یہ آپ کے ذہنی سکون اور جسمانی صحت کے لیے فائدہ مند ہے۔

Read Comments