کون کہتا ہے کُتّے کو گھی ہضم نہیں ہوتا
پاکستان اور بھارت میں ایک مشہور کہاوت ہے ’کُتّے کو گھی ہضم نہیں ہوتا‘۔ یہ کہاوت کس کی ہے، یہ تو معلوم نہیں، لیکن ایک کُتّا ایسا ہے جس نے اس کہاوت کو غلط ثابت کردیا ہے۔
سوشل میڈیا پر ایک سائبیرین حسکی نسل کے کُتے سے متعلق ایک ویڈیو خوب وائرل ہو رہی ہے، جس میں دعویٰ کیا گیا ہے یہ کُتا بنا گھی کے کھانا نہیں کھاتا۔
انسٹاگرام پر @skylerthehuskyy نامی اکاؤنٹ سے شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں حسکی کو بڑے اطمینان سے اپنے کھانے کے سامنے بیٹھے دیکھا جا سکتا ہے، مگر وہ ایک نوالہ بھی منہ میں نہیں ڈالتا۔
ویڈیو میں خاتون کی آواز سنائی دیتی ہے جو بتا رہی ہیں کہ کھانا بالکل سامنے رکھا ہے لیکن یہ حسکی اس وقت تک نہیں کھائے گا جب تک اس میں ایک چمچ گھی نہ ڈالا جائے۔
کاتون کہتی ہیں کہ ذرا انتظار کریں، گھی لے آتی ہوں، پھر دیکھیں گے کیا ہوتا ہے۔
اس دوران حسکی بڑے صبر سے شاہانہ انداز میں پیالے کے سامنے بیٹھا رہتا ہے۔
جونہی ایک چمچ گھی کھانے میں ڈالا جاتا ہے، حسکی آہستگی سے آگے بڑھتا ہے اور خاموشی سے کھانا شروع کر دیتا ہے۔
یہ منظر دیکھ کر مالکن بھی خوش ہو جاتی ہیں اور ویڈیو دیکھنے والے بھی مسکرا اٹھتے ہیں۔
یہ ویڈیو اب تک لاکھوں بار دیکھی جا چکی ہے اور تبصروں میں خوب چہل پہل ہے۔
کچھ صارفین اس بات پر بحث کرتے نظر آئے کہ کتے کو گھی دینا درست ہے یا نہیں، جبکہ کئی لوگوں نے حسکی کے ذوق پر مزاحیہ تبصرے کیے۔
ایک صارف نے لکھا کہ یہ پچھلی زندگی میں ضرور پنجابی رہا ہوگا، جبکہ دوسرے نے مشورہ دیا کہ ناریل کا تیل بھی دیا جا سکتا ہے، جو ان کے کتے کو بہت پسند ہے۔
کچھ لوگوں نے تو یہ بھی کہا کہ ان کا اپنا کتا بھی ہر کھانے میں گھی یا مکھن کی خوشبو ڈھونڈتا ہے۔
مجموعی طور پر یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر ہنسی، مزاح اور دلچسپ بحث کا سبب بنی ہوئی ہے اور ثابت کر رہی ہے کہ حسکی صرف خوبصورت ہی نہیں بلکہ اپنے نخرے اٹھوانا بھی خوب جانتے ہیں۔